Live Updates

پی ٹی آئی پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کر رہی ہے ‘ وفاقی وزیر مذہبی امور

ہفتہ 30 اپریل 2016 12:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کر رہی ہے ‘پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک کے دھرنے نے پہلے بھی ملکی معیشت کو کافی نقصان پہنچایا ‘عوام مزید نقصان برداشت نہیں کرینگے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے موٹر ویز، سڑکوں، گیس، ہزارہ یونیورسٹی اور دیگر فلاحی منصوبوں کا افتتاح کر کے یہاں کی عوام کی دیرینہ خواہش اور مطالبے کو پورا کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگ ان تمام عناصر کو رد کر دینگے جو ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ‘انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کیلئے حکومت پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا رہی ہیں اور منفی سیاست کر رہی ہیں ‘پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک کے دھرنے نے پہلے بھی ملکی معیشت کو کافی نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھی تاخیر کا شکار ہوا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کر رہی ہے جبکہ وزیراعظم پہلے ہی معاملے کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کر چکے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات