اولمپکس ہاکی میں گولڈ میڈل کیلیے جنگ 6اگست کو چھڑے گی

دنیائے ہاکی پر حکمرانی کرنے والی اور3 بار کی اولمپک گولڈ میڈلسٹ پاکستانی ٹیم اس بار ریو ڈی جنیرو میں شیڈول گیمز کیلیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی

جمعہ 29 اپریل 2016 21:12

اولمپکس ہاکی میں گولڈ میڈل کیلیے جنگ 6اگست کو چھڑے گی

ریوڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 اپریل۔2016ء) اولمپکس ہاکی میں گولڈ میڈل کیلیے جنگ 6اگست کو چھڑے گی، مینز اور ویمنز پولز کا اعلان کردیا گیا، بھارتی مینز ٹیم کو پول بی میں جرمنی کے ساتھ جگہ ملی، پہلا میچ نیدرلینڈز اور ارجنٹائن کے درمیان ہوگا۔تفصیلات کے مطابق اولمپکس ہاکی ایونٹ کے لیے بھارتی ٹیم کو پول بی میں جرمنی کے ساتھ جگہ دی گئی ہے،گولڈ میڈل کیلیے جنگ کا آغاز 6اگست کو نیدرلینڈز اور ارجنٹائن کے میچ سے ہوگا،اسی دن بھارت اور آئرلینڈ کی ٹیمیں بھی صف آرا ہونگی، خواتین ایونٹ کا آغاز بھی 6اگست سے ہی ہوگا جس کے پہلے مقابلے میں عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم امریکاکی صلاحیتوں کا امتحان لے گی، مردوں کے پول اسٹیج مقابلوں میں نیدرلینڈز اور جرمنی کے درمیان بھی زوردار مقابلہ دیکھنے میں آئے،12اگست کو شیڈول یہ مقابلہ2012لندن اولمپکس کے فائنل کی یاد بھی تازہ کرنے کا باعث بنے گا، جب دونوں بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں اور جرمنی نے میدان مار لیا تھا، ڈچ ٹیم نے جرمن سائیڈ سے حساب بے باق کرتے ہوئے پچھلے سال 2015کے یورپیئن چیمپئن شپ فائنل میں6-1کی تباہ کن شکست سے دوچارکیا تھا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے یہ میچ کافی اہمیت کا بھی حامل ہوگا جس میں دنیائے ہاکی کی 2ٹاپ کلاس ٹیمیں سنسنی کا تڑکا لگائیں گی، مینز ہاکی مقابلوں کے پول اے میں آسٹریلیا، برطانیہ، بیلجیئم، نیوزی لینڈ، اسپین اور برازیل کی ٹیمیں شامل ہیں، بی میں نیدرلینڈز، جرمنی، ارجنٹائن ، بھارت، آئرلینڈ اور کینیڈا کو رکھا گیا ہے، ویمنز پول اے میں نیدرلینڈز، جرمنی، نیوزی لینڈ، چین، جنوبی کوریا اور اسپین موجود ہیں، بی میں ارجنٹائن، آسٹریلیا برطانیہ، امریکا، جاپان اور بھارت کی ٹیمیں شامل ہیں۔

افسوسناک بات یہ ہے کہ کبھی دنیائے ہاکی پر حکمرانی کرنے والی اور3 بار کی اولمپک گولڈ میڈلسٹ پاکستانی ٹیم اس بار ریو ڈی جنیرو میں شیڈول گیمز کیلیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، ایسا تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے، فیلڈ ہاکی کے بانیوں میں شمار ہونے والی ٹیم اینٹیورپ،بیلجیئم میں کھیلے جانے والے ایف آئیایچ ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز ٹورنامٹ کے پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لیے ہونے والے میچ میں15رینکڈ کی حامل آئرش ٹیم کے ہاتھوں 1-0کی ہزیمت سے دوچار ہوئی تھی، جس کے ساتھ ہی اولمپکس میں شرکت کے ارمانوں پر بھی اوس پڑگئی تھی۔

متعلقہ عنوان :