Live Updates

وزیر اعظم نوازشریف کواپوزیشن پر جوابی الزامات لگانے کی بجائے پانامالیکس پر اپنے آپ کو قوم کے سامنے احتساب کیلئے پیش کر دینا چاہئے‘تصادم کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا

پاکستان تحریک انصاف بہاول پور کی رہنماء شازیہ نورین خان کی بات چیت

جمعہ 29 اپریل 2016 20:22

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف بہاول پور کی رہنماء شازیہ نورین خان نے کہاہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کواپوزیشن پر جوابی الزامات لگانے کی بجائے پانامالیکس پر اپنے آپ کو قوم کے سامنے احتساب کے لیے پیش کر دینا چاہئے۔تصادم کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ مان کر ایک اچھی روایت قائم کی ہے۔

اب وزیر اعظم نوازشریف کو اپوزیشن کی طرف سے ٹی اوآرز(ضابطہ کار)کومشاورت کے ساتھ طے کرنا چاہئے۔ملک وقوم کامفاد یہی ہے کہ وفاقی حکومت اس اہم اور حساس معاملے میں روایتی ہٹ دھرمی کامظاہرہ نہ کرے۔پہلے ہی پانامالیکس کے انکشافات کو4ہفتے گزرچکے ہیں مگر عملاً اس سلسلہ میں کوئی پیش رفت ابھی تک نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

اب ٹی اوآرز کے مسئلے پر اختلافات شدت اختیارکرچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے عجلت میں خود ہی ٹی اوآرزطے کرکے رجسٹرارسپریم کورٹ کوبھجوادیئے ہیں یہ عدل وانصاف کے تقاضوں کے منافی ہے اورحکومت کے اس اقدام سے اس کی بدنیتی صاف ظاہرہوتی ہے۔انہو ں نے کہاکہ وزیر اعظم کاعہدہ پارلیمانی نظام میں سب سے اہم ہوتا ہے اس لیے اپوزیشن کی طرف سے سب سے پہلے وزیر اعظم کی فیملی پر لگے الزامات کی تحقیقات کے مطالبے کوحکومت اپنے لیے اناکامسئلہ نہ بنائے۔

احتساب سب کا اور بلاامتیاز ہونا چاہئے۔پانامالیکس میں اب تک جن250پاکستانیوں کے نام آئے ہیں شریف فیملی کے ساتھ ساتھ ان سب کو بھی انصاف کے کٹہرے میں کھڑاکرنا ہوگا تب ہی اصل حقائق قوم کے سامنے آسکیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ جوڈیشل کمیشن کو بھجوائے گئے ٹی اوآرزمیں اس کاٹائم فریم بھی نہیں دیا گیا۔حکومت کو ایک ٹائم فریم فائنل کرنا ہوگا جس میں جوڈیشل کمیشن اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے بصورت دیگر یہ کمیشن بھی بے نتیجہ رہے گااور آئندہ آنے والے دنوں میں حکومت کو اس کاسخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات