آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، حکومت نے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے اور انتظام قبائلی علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کا عزم کر رکھا ہے

صدر ممنون حسین کا گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے ملاقات میں اظہار خیال

جمعہ 29 اپریل 2016 20:10

اسلام آباد ۔ 29 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں کامیابی سے پیشرفت ہو رہی ہے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایوان صدر میں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ حکومت نے جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کر کے اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے سماجی و اقتصادی ضروریات کی فراہمی کے ساتھ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کا عزم کر رکھا ہے۔

صدر نے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بروقت واپسی اور بحالی کے لئے حکومتی عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ نقصان زدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کی جائے گی اور خطہ میں معمول کی زندگی بحال کرنے کے لئے اقتصادی مراعات دی جائیں گی۔ گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے صدر کو فاٹا سے متعلق امور کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ موثر ضرب عضب آپریشن کے ذریعے علاقہ میں معمول کی زندگی واپس آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنے گھروں کو واپسی کے لئے سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ان کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔