رانا محمد اقبال خاں کی پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب صدر سینئرصحافی قمر الزماں بھٹی ،سیکرٹری علی اکبر کو مبارک باد

جمعہ 29 اپریل 2016 19:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء ) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب صدر سینئرصحافی قمر الزماں بھٹی اور سیکرٹری علی اکبر کو مبارک باد دی ہے۔پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے سالانہ انتخابات 2016-2017آج پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوئے۔ الیکشن کمشنر کے فرائض سینئر صحافی حامد ریا ض ڈوگر نے انجام دیئے۔

صدر کے عہدے کے لیے قمر الزماں بھٹی نے 33 و وٹ اور قذافی بٹ نے 24 ووٹ لئے جبکہ علی اکبر نے 36 ووٹ لے کر پریس گیلری کمیٹی کے سیکرٹری منتخب ہوئے ۔ ان کے مدمقابل عروسہ شوکت نے 13اور حافظ نعیم نے 08ووٹ لیے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے توقع ظاہر کی کہ پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب عہدیداران پنجاب اسمبلی اور صحافی برادری کے درمیان قریبی موثر رابطے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پنجاب اسمبلی کی کارروائی و قانون سازی کو میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں صحافیوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔نو منتخب صدر و سیکرٹری نے تمام ممبران کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم تمام صحافی بھائیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ان کے مسائل حل کرنے اور صحافتی مفادات کے تحفظ کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریس گیلری کمیٹی کسی بھی قسم کی تفریق کے بغیر تمام صحافیوں کے ساتھ تعاون و رابطہ بڑھائے گی۔