جنرل ہسپتال ایمرجنسی ونیوروانسٹی ٹیوٹ کے ساتھ لواحقین کیلئے شیڈز کی تعمیر مکمل

آؤٹ ڈور کے قریب انتظار گاہ اور مختلف مقامات پر پبلک باتھ اور واش رومز بنائے جائیں گے

جمعہ 29 اپریل 2016 18:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) جنرل ہسپتال ایمرجنسی اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے باہرانجمن بہبودی مریضاں، فیروز پور روڈ ویلفیئر آرگنائزیشن اور دیگر مخیر شخصیات کی معاونت سے لواحقین کے لئے شیڈز کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے، ہسپتال انتظامیہ نے آنے والے دنوں میں پبلک باتھ اور واش روم بنانے کا بھی عزم ظاہر کیا ہے۔

پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے اس بارے میں بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لواحقین کو مختلف اقسام کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید آگے بڑھا یاگیا ہے۔ جس کے تحت ہسپتال ایمرجنسی اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے باہرمریضوں کے لواحقین کے لئے شیڈز کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

تعمیرکئے گئے شیڈز میں بنچ، پنکھے اور پینے کے ٹھنڈے پانی کے لئے کولرز کی سہولت بھی موجود ہے۔جبکہ بہت جلد آؤٹ دور کے قریب مریضوں کے لواحقین کے لئے انتظار گاہ کا منصوبہ بھی پایہ تکمیل کوپہنچ جائے گا۔ ان کاموں کے لئے فیروز پور روڈ ویلفیئر آرگنائزیشن اور دیگر مخیر شخصیات کا تعاون ہسپتال انتظامیہ کو حاصل ہے اور مجموعی طور پر 25لاکھ روپے کی خطیر رقم اس مد میں خرچ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں لاہور جنرل ہسپتال میں مختلف مقامات پر باتھ روم اور واش روم بھی بنائے جائیں گے تاکہ عوام الناس کی شکایات میں مزید کمی لائی جا سکے۔مخیر حضرات کے تعاون سے عوامی فلاح کے حامل منصوبوں کے آغاز اور تکمیل کے بارے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑا مشن دنیا میں کوئی اور نہیں ہے۔ فیروز پور روڈ ویلفیئر آرگنائزیشن اور دیگر مخیر حضرات جو لاہور جنرل ہسپتال میں کام کروا رہے ہیں درحقیقت یہی لوگ معاشرے کے اصل ہیرو ہیں۔

جو اﷲ تعالی کے حکم کی تعمیل میں اپنے سرمائے سے انسانیت کی تعظیم کے مشن کو آگے بڑھانے میں دوسروں کے لئے مشعل راہ بنے ہوئے ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیں، جن کی تقلید کر کے ہم بطور مسلمان، بطور انسان اور ایک مہذب قوم کے رکن کے طور پر اپنے حقو ق و فرائض کو نہ صرف پرکھ سکتے ہیں، بلکہ ان کی ادائیگی کے لئے اپنی سمت کا بخوبی تعین بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن پر کام کرنا اکیلی حکومت کا ہی نہیں بلکہ ہم سب کا فرض ہے۔