سریش رائنا نے باپ بننے کی خوشی میں آئی پی ایل کا ریکارڈ داؤ پر لگا دیا

جمعہ 29 اپریل 2016 18:14

سریش رائنا نے باپ بننے کی خوشی میں آئی پی ایل کا ریکارڈ داؤ پر لگا ..

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔29اپریل 2016ء ) پہلی مرتبہ باپ بننے کی خوشی میں بھارتی بیٹسمین سریش رائنا نے آئی پی ایل میں اپنا ایک انوکھا ریکارڈ داؤ پر لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

انڈین پریمیر لیگ کے موجودہ سیزن میں گجرات لائنز کی کپتانی کرنے والے سریش رائنا کی اہلیہ آئندہ ماہ ماں بننے والی ہیں جنہیں دیکھنے کیلئے انہوں نے ہالینڈ جانے کی تیاری شروع کردی ہے جس کے باعث وہ 2008ء میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوران پہلی بار کسی میچ کے دوران غیر حاضر رہیں گے ۔

باپ بننے پر بے پناہ خوش نظر آنے والے 29 سالہ سریش رائنا کہتے ہیں کہ وہ جلد ہی ہالینڈ سے بھارت واپس آجائیں گے جہاں ان کی والدہ اپنی بہو پریانکا چوہدری کی دیکھ بھال کر رہی ہیں ۔یاد رہے کہ سریش رائنا اب تک انڈین پریمیئر لیگ میں 138میچز کھیل چکے ہیں جن میں سے 132میں انہوں نے چنائی سپر کنگز کی نمائندگی کی تھی جبکہ 6میچز گجرات لائنز کیلئے کھیلے ہیں ۔