پاکستان کرکٹ کے زوال پرقابوپانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، وقار یونس

مصباح الحق اور یونس خان اس عمر میں بھی سپر فٹ ہونے کی وجہ سے سب سے بہتر ہیں، انٹرویو

جمعہ 29 اپریل 2016 17:39

پاکستان کرکٹ کے زوال پرقابوپانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، وقار ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اپریل۔2016ء) قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل پر سخت تشویش ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان ٹیم مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ ان کی سفارشات کی روشنی میں فوری اقدامات انتہائی لازمی ہیں۔ ورنہ انفرادی شاندار کارکردگی کی بدولت اکا دکا فتوحات ملنا بھی بند ہوجائیں گی۔

اپنے ایک انٹرویو میں سابق فاسٹ بولر نے کہاکہ پاکستان ٹیم کی اصل قوت ہمیشہ بولنگ رہی ہے۔ لیکن اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد ہم پانچ سال میں محمد عامر کا متبادل تلاش نہ کرسکے۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر اب بھی ہمارا بہترین بولر ہے۔ اس سے سسٹم کے غیر موثر ہونے کا اندازہ کیا جاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ وہاب ریاض اور محمد عرفان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہیں لینتھ اور یارکر میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وہاب ریاض تو ٹیسٹ میں موثر ثابت ہوسکتے ہیں لیکن عرفان کا متبادل ڈھونڈنا ہوگا۔ سابق ہیڈ کوچ نے کہاکہ پاکستانی کرکٹرز کی فیلڈنگ اور فٹنس لیول عالمی معیار سے کہیں کمتر ہے۔ بیٹسمین کو نت نئے اختراعی شاٹ کھیلنے کیلئے بھی بہتر فٹنس درکار ہوتی ہے۔مصباح الحق اور یونس خان اس عمر میں بھی سپر فٹ ہونے کی وجہ سے سب سے بہتر ہیں۔ وقار یونس کے مطابق انگلینڈ کے ٹور میں پاکستان کی کامیابی کا امکان ہے لیکن آسٹریلیا جہاں ہم بیس سال سے نہیں جیتے۔ وہاں کامیابی ملنا مشکل ہوگا۔ ۔

متعلقہ عنوان :