اساتذہ اور والدین کے باہمی اشتراک سے ہی طالبعلموں کو زیور علم سے آراستہ کیا جاسکتا ہے ، ثمینہ انور

جمعہ 29 اپریل 2016 17:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) تعلیم فرد کی کمزوریاں چھپا کر خوبیاں اجاگر کرتی ہے ،اساتذہ اور والدین کے باہمی اشتراک سے ہی طالبعلموں کو زیور علم سے آراستہ کیا جاسکتا ہے ، بچے ماحول سے ہی سیکھتے ہیں ہمیں انہیں بہترین ماحول میں حصول علم کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار کرن اکیڈمی قلندر آباد کی منتظم اعلیٰ و نامور ماہر تعلیم ثمینہ انور نے اسکول کی پہلی سالانہ تقریب تقسیم و اسناد سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

اس مقع پر اساتذہ ، والدین اور معززین شہر نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بچوں کی جانب سے استقبالی نغمات، ہیلوز، تقاریر، ڈرامے و دیگر شعبہ جات میں فنی مہارت کے مظاہرے کیے گئے ۔ جنہیں حاضرین نے نہ صرف پسند کیا بلکہ اساتذہ کی شاندار تیاری پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

ثمینہ انور نے کہا کہ کرن اکیڈمی کی انتظامیہ پوش آبادیوں کے مقابلہ میں مڈل کلاس طبقے کے نونہالان کو علم سے آراستہ کرنے کی سعی کر کے جہالت کے خلاف جہاد میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے ، انہوں نے جماعت اول تا ہشتم کے طلبہ و طالبات کو شاندار تعلیمی کارکردگی کے اعزازات پانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں تعلیم کی شرح بہت کم ہے ایسے علاقوں میں جہاں غریب و متوسط طبقے کے لوگ آبادہیں ، عمل تدریس کو بطور صنعت نہیں مشن سمجھ کر اپنا نا ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عہد حاضر میں اپنی بقاء کے لیے علمی استعداد بڑھانا نا گزیر ہے ۔ ہماری نسل نے کم تعلیم کے باوجود زندگی کی سختیوں کا مقابلہ کرلیا لیکن اب سائنس و ٹیکنالوجی اور سپر کمپیوٹر سے بھی آگے کا دور ہے جس میں کم تعلیمی استعداد والے افراد کو جینے کا حق نہیں مل سکے گا ۔ اس صورتحال کا مقابلہ نسل نو میں حصول علم کا احساس بیدار کر کے ہی کیا جاسکتا ہے ۔