میمن برادری نے قیام پاکستان کے بعد سے ہی ملک کی تعمیر و ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے ،گورنر سندھ

میمن برادری کی جانب سے قائم کئے جانیوالے تمام تعلیمی اداروں ،طبی مراکز میں بلا رنگ و نسل ، زبان و مذہب ہر کسی کو خوش آمدید کہا جاتا ہے،عشرت العباد کا تقریب سے خطاب

جمعہ 29 اپریل 2016 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ میمن برادری نے قیام پاکستان کے بعد سے ہی ملک کی تعمیر و ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ دکھی انسانیت کے لئے بھی ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکھائی میمن جماعت کے زیر اہتمام ٹریڈ اینڈ کنزیومر نمائش (پورٹریٹ ) اور جماعت کی 135 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ معاشی میدان کے ساتھ ساتھ صحت ، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں میمن برادری کی تمام جماعتوں نے کارہائے نمایاں انجام دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میمن برادری کی جانب سے قائم کئے جانے والے تمام تعلیمی اداروں اور طبی مراکز میں بلا رنگ و نسل ، زبان و مذہب ہر کسی کو خوش آمدید کہا جاتا ہے جوکہ نہایت قابل تحسین بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوکھائی میمن جماعت کی جانب سے گزشتہ 135 برسوں کے دوران کراچی میں ان گنت فلاحی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میمن جماعت کی جانب سے یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ جامعہ بھی جماعت کے دیگر منصوبوں کی طرح اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوگی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں صنعتوں کے فروغ اور صنعتی پیداوار میں اضافے میں بھی میمن برادری کی تمام شاخوں نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ ایک عشرے کے دوران کراچی میں امن وامان کا مسئلہ رہا لیکن اس کے باوجود تمام صنعت کاروں اور تاجروں جن میں میمن صنعت کار اور تاجر بھی شامل تھے، نے صنعتی عمل کو جاری و ساری رکھا ۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کاوشوں اور کراچی کے عوام کے تعاون کے باعث شہر قائد اپنی پرانی رونقوں کی جانب لوٹ رہا ہے اور شہری سماجی، سیاسی ، ثقافتی، تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہورہے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہاکہ اوکھائی میمن جماعت کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ بابائے قوم نے اوکھائی میمن مسجد کھارادر سے ابتدائی دینی تعلیم حاصل کی تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور معروف صنعت کار سراج قاسم تیلی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میمن برادری کے کردار کو کسی صورت میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے میمن برادری کی تمام شاخوں پر زور دیا کہ وہ اپنا اتحاد برقرار رکھیں۔ اوکھائی میمن جماعت کے صدر عبدالوحید ہاشم پنجوانی نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بھارت سے ہجرت کرکے آنے والے مسلمانوں کی آبادکاری میں بھی اوکھائی میمن جماعت نے نمایاں طور پر حصہ لیا تھا، جماعت کے جنرل سیکریٹری محمد ابراہیم ممدانی نے کہا کہ جماعت کے زیر اہتمام انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جارہا ہے جس کا مقصد تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کرنا ہے۔

ورلڈ میمن جماعت کے عہدیدار شعیب اسماعیل نے کہا کہ میمن دنیا کے ہر کونے میں آباد ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں متحداور منظم کیا جائے ۔ اس موقع پر حسین ابرہیم جمال ، محمد عثمان کاٹھ، عبدالعزیز احمد کاٹھ، شعیب اسماعیل، ایم داؤد حنیف جکھورا کو مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے پر لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ دئیے گئے بعد ازاں گورنر سندھ نے ٹریڈ اینڈ کنزیومر نمائش پورٹریٹ کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں ایوانہائے صنعت و تجارت کراچی کے صدر یونس بشیر بھی موجود تھے۔