خیبر پختونخوا حکومت کی صوبے میں عاشر عظیم کی فلم”مالک“ چلانے کی پیشکش

صوبائی حکومت کی طرف سے فلم پر کوئی پابندی نہیں، جس سینما میں چاہے یہ فلم چلائی جا سکتی ہے‘وزیر اطلاعات

جمعہ 29 اپریل 2016 12:54

خیبر پختونخوا حکومت کی صوبے میں عاشر عظیم کی فلم”مالک“ چلانے کی پیشکش

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں عاشر عظیم کی فلم ”مالک“ چلانے کی پیشکش کر دی۔صوبائی حکومت نے مرکزی سینسر بورڈ کی جانب سے فلم ‘مالک’ پر پابندی کو مسترد کرتے ہوئے فلم کی سینما گھروں میں نمائش کی پیشکش کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو میں صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے کوشش کی ہے کہ بدعنوانی کو بے نقاب کرے، اس سے بڑے بڑوں کو تکلیف ہو گئی، اس پر حکومتیں پابندی لگا رہی ہیں، یہ فلم پورے ملک میں دکھائی جانی چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں فلم”مالک“پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم نوٹیفکیشن میں پابندی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تھی، دو روز پہلے سندھ سنسر بورڈ نے بھی فلم ”مالک“ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جسے چند گھنٹوں بعد ہی واپس لے لیا گیا تھا۔مشتاق غنی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے فلم پر کوئی پابندی نہیں، جس سینما میں چاہے یہ فلم چلائی جا سکتی ہے-

متعلقہ عنوان :