ہم اپنی صاف ستھری اور صحت مند فضا کو تباہ کرنے کے سب ہی ذمہ دار ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

جمعرات 28 اپریل 2016 22:56

کراچی ۔ 28 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے ماحول میں آلودگی کو کبھی توجہ ہی نہیں دی گئی اور اگر موسمیاتی تبدیلیوں کے اسباب کو پہلے ہی دور کر لیا جاتا تو آج ہماری ماحولیات بہت بہتر ہوتی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم اپنی صاف ستھری اور صحت مند فضا کو تباہ کرنے کے سب ہی ذمہ دار ہیں کیونکہ کراچی کے سمندر میں صنعتی اور گھریلو فضلے چھوڑے جا رہے ہیں اور حیدرآباد میں بھی پھلیلی کینال کو اسی سلوک کے ساتھ آلودہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج صوبہ سندھ باالخصوص صنعتی شہر بہت سے سنگین ماحولیاتی مسائل سے دوچار ہے کیونکہ صنعت کاروں نے ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر عملدرآمد نہیں کیا اور ہمیں نہ صرف اپنے لئے بلکہ اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کے لئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ماحولیات ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ آلودگی کی بہت سی اقسام ہیں ، ہماری صنعتیں اور گاڑیاں فضا میں جو دھواں چھوڑتی ہیں اس سے ہوا میں آلودگی پیدا ہوتی ہے لیکن جب یہی صنعتیں بنا کسی احتیاطی تدابیر کے فضلاء کینالوں یا کھلے میدانوں میں چھوڑتی ہیں تو اس سے پانی کی آلودگی پیدا ہوتی ہے حتیٰ کہ زیر زمین پانی بھی زہریلا ہوجاتا ہے۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ماحولیاتی تحفظ کے ادارے ( انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی ای پی اے) اور نئے قائم کردہ محکمے کے ساتھ تعاون اور قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ساحلی پٹی پر پالم درخت لگانے کے لئے ملائشین کووپریشن سے مدد لی جائیگی۔ ای پی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کو ماحولیاتی ترقی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا کہ انوائرمینٹل ٹریبیونل نے اسٹیٹ لائف بلڈنگ میں کام شرو ع کر دیا ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ماحولیات ڈاکٹر سکندر میندرو، جام مہتاب ڈھر، جام خان شورو ، چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، سینئر میمبر بورڈ آف رونیو رضوان میمن، سیکریٹری ہیلتھ سعید منگنیجو، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت ، ای پی کے ڈائریکٹر جنرل نعیم مغل اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :