چکن گوشت کی 65 فیصد دکانوں پر سلاٹرنگ کا جدید طریقہ متعارف کروا دیا گیا ہے، ڈی سی او لاہور

جمعرات 28 اپریل 2016 22:53

لاہور۔28اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء ) شہر بھر کی تقریباً65فیصد چکن گوشت کی دکانوں سے پلاسٹک کے ڈرم میں مرغیوں کو ذبح کر کے ڈا لنے کے عمل کا مکمل خاتمہ اور ان دکانوں پر جدید طریقہ سے سلاٹرنگ کے عمل کو متعارف کروا دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے اس حوالے سے منعقدہ ایک بریفنگ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی او (فوڈ)لاہور چوہدری محمد ایوب نے ڈی سی او کو خصوصی طور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 15جنوری سے شروع ہو نیوالی اس مہم میں اب تک 65فیصد دکانوں سے ڈرموں کو اٹھوا دیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ پر "سٹیل کون"کو استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے ان ڈرموں میں مرغیوں کو ذبخ کر کے ڈال دیا جا تا تھا اور گاہکوں کو اس بات کا پتہ نہیں چلتا تھا کہ اس میں پہلے سے ذبخ شدہ مرغی رکھی ہے کہ نہیں ،انہوں نے بتایا کہ دکانداراس ڈرم میں مرغیوں کی آلا ئشیں بھی رکھتے تھے جس کی وجہ سے حفظانِ صحت کے اصولوں اور صفائی پر عملدرآمد نہ ہو رہا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سٹیل کون میں بیک وقت صرف ایک ہی مرغی ذبح کر کے ڈا لی جا سکتی ہے اور اس کا خون بھی فوری طور پر بہہ جاتا ہے جبکہ اُسی وقت پانی سے اس کی صفائی ہو جا تی ہے جبکہ "سٹیل کون"کے استعمال کی وجہ سے مرغیوں کی آلائشوں سے پیدا ہو نیوالے حفظانِ صحت کے فقدان پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں15جنوری سے شروع ہو نیوالی مہم میں پہلے مرحلہ میں تمام دکانداروں کو نوٹسسز جا ری کیے گئے اور انہیں اس بات کا پا بند بنایا گیا کہ فوری طور پر ڈرم کا خاتمہ کریں جس سے تقریباً 13سو کے قریب چکن گوشت سے وابستہ دکانداروں نے ڈرموں کا خاتمہ کر کے سٹیل کو ن کو استعمال کر نا شروع کر دیا ہے جبکہ با قی دکانداروں کو نوٹسسز جا ری کیے ہوئے ہیں جن پر محکمہ فوڈ کے 8انسپکٹرز عملدرآمد کروا رہے ہیں جس پر ڈی سی او نے متعلقہ افسران و ملازمین کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر با قی دکانوں پربھی جدید طریقہ سلاٹرنگ پر عملددرآمد کروائیں اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق چکن گوشت کی فروخت کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہترین اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ڈیوٹی ہے جس پر وہ پوری طرح عملدرآمد کروائے گی۔

متعلقہ عنوان :