Live Updates

عوام کو ہ اپنی باری کے چکر میں ملک میں انتشار پھلانیوالوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں،شہباز شریف

و ہ قوتیں جو ملک کی قسمت کو کھوٹا کرنا چا رہی ہیں ان کا مکمل محاسبہ کیا جا سکے اپنے کروڑوں کے قرضے معاف کروانیوالے کس منہ سے ہمارے احتساب کی بات کر رہے ہیں ہم نے تو اپنے احتساب کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن قائم کر دیا ہے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،وزیر اعلی پنجاب کا رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کی افتتاح تقریب سے خطاب

جمعرات 28 اپریل 2016 20:28

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی باری کے چکر میں ملک میں انتشار پھلانے والوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں تاکہ وہ قوتیں جو ملک کی قسمت کو کھوٹا کرنا چا رہی ہیں ان کا مکمل محاسبہ کیا جا سکے۔جمعرات کے روز رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان پر اللہ کی خاص مہربانی ہے لیکن اگر دھرنوں اور ملکی سیاست کرنے والوں کے باعث چین نے اس منصوبے سے ہاتھ کھینچ لیا تو پاکستان کی تاریخ میں ایسے اندھیرے لکھ دیے جائیں گے جو کبھی دور نہیں ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کرو ڑوں کے قرضے معاف کروانے والے کس منہ سے ہمارے احتساب کی بات کر رہے ہیں ہم نے تو اپنے احتساب کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں ایک کمیشن قائم کر دیا ہے جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم نواز شریف نے مشرف پر آرٹیکل 6 کی بات کی تو یہی لوگ مشرف کے ساتھ ساتھ آرٹیکل 6 سے متعلقہ تمام لوگوں پر آرٹیکل 6لگانے کا مطالبہ کر رہے تھے اور جبکہ اب ہم نے چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں قائم ہونے والے کمیشن میں قرضے معاف کروانے والے اور ملک کو لوٹنے والے تمام چوروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے تو ان لوگوں کو اب اپنی پڑ گئی ہے اسی لیے وہ اس کمیشن کے اختیارات لامحدود کی بجائے محدود کرنا چاہ رہے ہیں لیکن ان کی یہ خواہش ہم کبھی پوری نہیں ہونے دیں گے تاکہ اس ملک میں ایک دفعہ مکمل احتساب کا آغاز ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو چاہیے کہ وہ اکھٹے ہو کر ہر قیمت پر ملک سے دہشتگردی اور لوٹ مار کا خاتمہ کرے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر بھی اپنا کشکول توڑ سکے ۔انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ رحیم یار خان سمیت پورے جنوبی پنجاب کیلئے ایک تحفہ ہے اور جب یہ انڈسٹریل اسٹیٹ سپیشل اکنامک زون میں تبدیل ہو کر پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ بن جائے گی تو اس سے رحیم یار خان سمیت یہاں کاروباری کیلئے آنے والے تینوں صوبوں کے عوام مستفید ہو سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے پر چین نے مجموعی طور پر 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جس میں سے 36 ارب سے صرف بجلی کے منصوبے زیر تکمیل ہیں اور توقع ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں ہزاروں میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہونے سے انشاء اللہ 2018ء تک پاکستان سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر تنقید کرنے والے زرا یہ تو بتائیں کہ ان کے دور میں نندی پور پاور منصوبے کی اربوں روپے کی مشینری کراچی پورٹ پر گلتی سڑتی رہی جس سے ناصرف ملک میں بجلی پیدا ہونے سے اندھیروں میں اضافہ ہوا بلکہ اس سے اس منصوبے کی لاگت میں بھی کرڑوں ڈالر کا اضافہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ سوچنے کی بات یہ ہے کہ چین نے صرف ہمارے دور میں ہی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ،چین نے زرداری کے دور میں پاکستان میں سرمایہ کاری کیوں نہیں کی ۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریل کے صدر شیخ عماد الدین نے کہا کہ ضرب عضب اور ضرب آہن کی کامیابی سے ملک میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا اور توقع ہے کہ آئندہ کچھ عرصے تک پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کی تکمیل سے یہاں کی عوام کا برسوں پرانا مسئلہ حل ہو گیا ہے تاہم انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ رحیم یار خان ایک صنعتی شہر ہونے کے باعث پاکستانی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے لیکن یہاں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتوں کو بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لیے ضلع بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم کرنے کا احکامات جاری کیے جائے ۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ رواں سال کپاس کی پیداوار میں ہونے والی غیر معمولی کمی کی وجوہات جاننے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ رواں سال کپاس کی فصل میں کمی واقع نہ ہو سکے۔قبل ازیں پنجاب انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے چیئر مین رضوان خالد بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کی طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کریں گے جس سے پنجاب میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

تقریب میں پاکستان میں ابوظہبی کی اعزازی مشیر چوہدری محمد منیر ،صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق ،سیکرٹری انڈسٹری خالد سلیم سمیت ضلع بھر کے صنعتکاروں اور کاروباری افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات