پانامہ لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے ٹی اوآرزکیلئے اپوزیشن کی جانب سے کوئی معقول تجویز نہیں آئی،

حزب اختلاف کا لب و لہجہ انتہائی نامناسب ہے،جو زبان صحیح استعمال نہیں کر سکتے وہ ملکی ترقی کیلئے کیا کریں گے، سیاسی مخالفین کے قرضے معاف کرانے کی باتیں ہر ایک کی زبان پر ہیں، پانامہ لیکس کے حوالے سے جھوٹی افواہیں پھیلانے والے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دیں وزیراعظم نواز شریف کی مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد ہیلی پیڈ پر اخبار نویسوں سے مختصر بات چیت

جمعرات 28 اپریل 2016 20:17

اسلام آباد/ مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے ٹی اوآرزکیلئے اپوزیشن سے تجاویز لی گئی تھیں لیکن کوئی معقول تجویز نہیں آئی،حزب اختلاف کا لب و لہجہ انتہائی نامناسب ہے،جو زبان صحیح استعمال نہیں کر سکتے وہ ملکی ترقی کیلئے کیا کریں گے، سیاسی مخالفین کے قرضے معاف کرانے کی باتیں ہر ایک کی زبان پر ہیں۔

وہ جمعرات کو مانسہرہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کے بعد ہیلی پیڈ پر اخبار نویسوں سے مختصر بات چیت کر رہے تھے ۔ وزیر اعظم سے جب نمائندہ’’اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء‘‘ نے یہ سوال کیا کہ پانامہ لیکس پر جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس پر اپوزیشن تنقید کر رہی ہے اور اپو زیشن کا موقف ہے کہ حکومت اس معاملہ پر مشاورت کرے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے آپ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر وزیر اعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں جو باتیں ہوئیں وہ عوام کو بتا دی گئی تھیں جہاں تک اپو زیشن کا تعلق ہے تو انہوں نے کوئی معقول تجویز نہیں دی نہ ہی وہ اچھی زبان استعمال کر رہے ہیں ۔ جو لوگ اچھی زبان استعمال نہیں کر سکتے وہ ملک کی تعمیر و ترقی کا بھی نہیں سو چ سکتے ۔

میں نے ہمیشہ صبر و تحمل اور اخلاق کے دائرہ میں رہ کر بات کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے نہ کبھی معقول بات کی ہے نہ ہی ان سے امید رکھی جا سکتی ہے، جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز پر سب جماعتوں کی تجاویز لیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا لب و لہجہ انتہائی نامناسب ہے،جو زبان صحیح استعمال نہیں کر سکتے وہ ملکی ترقی کیلئے کیا کریں گے، حزب اختلاف کے رہنماء اپنا لہجہ درست رکھیں، ہم عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں، عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے قرضے معاف کرانے کی باتیں ہر ایک کی زبان پر ہیں، پانامہ لیکس کے حوالے سے جھوٹی افواہیں پھیلانے والے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دیں۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا ‘ وفاقی وزیر سردار یوسف ‘ پیر صابر شاہ ‘ اور دیگر رہنماؤں نے وزیر اعظم کو اسلام آباد کیلئے رخصت کیا۔ ……(رانا+ط س)