Live Updates

انسانیت کے حقوق کا جوپیمانہ اسلام نے دیا ہے وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیا،ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو

جب دلوں میں آپؐ کی محبت کی شمع روشن ہوگی تو ہماری زندگیاں تبدیل ہونا شروع ہوجائینگی،علامہ سید مظفر حسین شاہ

جمعرات 28 اپریل 2016 19:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) جامعہ کراچی کے سیرت مصطفیؐ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں ’’محفل میلاد النبیؐ اور کردارسازی انسانیت ‘‘پروگرام کا انعقاد ہوا ۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے معروف قاری مبیس نے کیا ،بعد ازقرات برصغیر پاک وہند کے معروف ثناء خواں محمود الحسن اشرفی نے قلوب واذہان کو گرماتے ہوئے بارگاہ ختمی المرتبت حضرت محمدؐ کے حضور نعت رسول مقبول کے گلہائے عقیدت پیش کئے جیسے حاضرین محفل نے بیحد سراہا، ان کے علاوہ ہدیہ نعت اور درود پیش کرنے والوں میں علاؤالدین صابری ،خرم حبیب ،محمد وسیم اور محمد مصباح الدین شامل تھے۔

اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے کہا کہ انسانیت کے حقوق کا جوپیمانہ اسلام نے دیا ہے وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیا۔

(جاری ہے)

اسلام میں شدت پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے اگر ہم نرم لہجے سے گفتگو کریں گے تو لوگ ہمارے اخلاق وکردار سے متاثر ہوں گے اور اس کی بہترین مثال آپ ؐ کی زندگی ہے۔عصر حاضر میں انسانوں کے درمیان دوریوں کو صرف اور صرف سیرت طیبہ کی تعلیمات سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔

موجودہ دور میں جہاں معاشی مسائل اور معاشرتی انتشار نے امت مسلمہ کو چاروں طرف سے گھیراہواہے ایسے میں سیرت رسولﷺ کا مطالعہ ہی مسلمانوں کی بقاء کا واحد ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے سیرت مصطفیؐ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ ’’محفل میلاد النبیؐ اور کردارسازی انسانیت ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ رسولﷺدنیا اور اقوام عالم کے لئے رحمت اللعالمین بن کرآئے ،آپ ؐ کا ایک ایک عمل ہمارے لئے مشعل راہ ہے عصر حاضر میں کامیابی وکامرانی کا صرف ایک ہی ذریعہ ہے اور وہ ہے آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنااور جب دلوں میں آپؐ کی محبت کی شمع روشن ہوگی تو ہماری زندگیاں تبدیل ہونا شروع ہوجائیں گی،یہی قرآن کا بھی پیغام ہے۔

جامعہ کراچی میں سماجی واخلاقی تربیت کے حوالے سے پروگرام ہوتے رہتے ہیں جو لائق تحسین ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری نے کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں کسی کو تمیز وتہذیب کا خیال نہیں ہے،حضورؐ کی تعلیمات کو ہم نے فراموش کردیا ہے لیکن مغرب نے جیسے ہی آپ ؐ کے سنہری اصولوں کواپنایا تو وہ قومیں کامیاب ہونا شروع ہوگئیں لیکن ہمارے معاشرے میں عصر حاضر میں چھوٹے اور بڑے کی تمیز ختم ہوگئی ہے ۔

آپ ؐ نے کبھی اپنے علم اور مرتبے پر غرور نہیں کیا آپ ؐ نے لوگوں کو پیغام دیا کہ اپنی ذات کو پیچھے رکھ لوگوں کے کام آنا سب سے بہترین کام ہے ۔ہمیں اپنے دلوں میں عشق مصطفیؐ پیدا کرنا ہوگا آج ہماری تنزلی کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے اندر کردارمصطفیؐ کی تعلیمات کو اپناناکم کردیا ہے۔ دیگر مقررین میں حاجی رفیق پردیسی ،صاحبزادہ ابوالخیر زبیر اور قاضی احمد نورانی شامل تھے۔نظامت کے فرائض شعبہ کمپیوٹر سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسر سید محمد خالد جمال اور ڈاکٹر اسماء تبسم نے انجام دیئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :