وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ۔

مہنگائی کا جن بوتل میں بند کر دیا ہے ٗ بجلی بھی دو روپے فی یونٹ سستی کررہے ہیں ، محمد نواز شریف

جمعرات 28 اپریل 2016 19:34

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کا جن بوتل میں بند کر دیا ہے ٗ بجلی بھی دو روپے فی یونٹ سستی کررہے ہیں ٗہمارے پانچ سال مکمل ہونگے تو خوشحال پاکستان نظر آئیگا۔ جمعرات کو مانسہرہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے سفارش کی ہے کہ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم منصوعات کی قیمتیں بڑھائی جائیں وزارت کی طرف سے سفارش کی گئی کہ پٹرول کی قیمت میں 3روپے ٗ ایچ او بی سی تین روپے 25پیسے ٗ ڈیزل 4روپے 41پیسے ٗ مٹی کا تیل ایک روپے 16پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 34پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جائے لیکن میں نے ان سے معذرت کرتے ہوئے سمری مسترد کردی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت نے بتایا کہ قیمتیں نہ بڑھانے سے حکومت کو8ارب روپے کا خسارہ ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اب نہ صرف بجلی آئے گی بلکہ سستی ہوگی اڑھائی روپے فی یونٹ بجلی سستے کررہے ہیں اس سے پہلے بھی سستی کر چکے ہیں پاکستان کے اندر مہنگائی کی کمر ٹوٹ چکی ہے ٗ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دیا ہے ملک مسائل سے باہر نکل رہا ہے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ٗہمارے پانچ سال مکمل ہونگے تو خوشحال پاکستان نظر آئیگا۔

متعلقہ عنوان :