وزیر اعظم نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور بجلی کی قیمتوں میں ڈھائی روپے فی یونٹ کمی کی خوشخبری سنا دی

ہزارہ یونیورسٹی کیلئے ایک ارب روپے، مانسہرہ میں چار مقامات پر قبرستانوں کیلئے 20کروڑ روپے، بالاکوٹ میں سوئی گیس کی فراہمی، مانسہرہ میں سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیراور لیپ ٹاپ کی تعداد دگنی کرنے سمیت عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں کا اعلان

جمعرات 28 اپریل 2016 19:21

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے پاس اربوں ہوں یا کھربوں سب عوام پر قربان کر دوں گا،دھرنوں کا نہیں خوشحالی کا ایجنڈا رکھتا ہوں، مخالفین سن لیں کہ ترقی کی راہ میں حائل ہوئے تو عوام تمہیں اٹھا کر باہر پھینک دیں گے ، ٹانگیں کھینچنے والوں کی 2018کے انتخابات میں عوام ٹانگیں کھینچ دے گی،احتجاج کرنے والوں کو گفتگو کا سلیقہ تک نہیں آتا، نئے پاکستان کے نعرے کوئی لگاتا ہے بنا ہم رہے ہیں، عوام کی خوشی کے منصوبوں کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے، پاکستان معاشی ٹیک آف کی پوزیشن پر آ گیا، مخالفین سوچ سمجھ کر قدم اٹھائیں، نعرے بازوں کی فکر نہیں، عوام ان سے خود نمٹیں گے کمیشن کے ٹی او آرزپر تمام جماعتوں سے تجاویز لیں لیکن کوئی معقول تجویز نہیں آئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھیجی گئی تھی جسے میں نے مسترد کر دیا اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے معذرت کر لی ہے ۔

(جاری ہے)

بجلی کی قیمتوں میں ڈھائی روپے فی یونٹ کمی کر دی ہے ، ہزارہ یونیورسٹی کیلئے ایک ارب روپے، مانسہرہ میں چار مقامات پر قبرستانوں کیلئے 20کروڑ روپے، بالاکوٹ میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے، مانسہرہ میں سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیراور لیپ ٹاپ کی تعداد دگنی کرنے سمیت عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں کا بھی اعلان کیا ۔ وہ جمعرات کو مانسہرہ میں ہزارہ یونیورسٹی کے گراؤنڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام محاذ آرائی کی سیاست کو مسترد کرتی ہے اس لئے مخالفین سوچ سمجھ کر قدم اٹھائیں، پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہوئے تو عوام تمہیں اٹھا کر باہر پھینک دے گی، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نعرے بازی نہیں عملی اقدامات کر رہی ہے، نیشنل ہائی وے کو ایبٹ آباد سے فوارہ چوک تک سروس روڈ بنایا جائے گا۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ عوام میں آکر مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے،عوام کا جوش وجذبہ اورامید بھرے چہرے میرے لئے حوصلہ افزا ہیں،میں جلسوں کی مہم پر نہیں،ترقی کے سفر پر نکلا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مانسہرہ میں آج تاریخی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے،ہمارا ایجنڈا دھرنوں کا نہیں بے روزگاری کے خاتمے اورترقی کا ہے،پورے ملک کی ترقی کا ایجنڈا رکھتے ہیں،پاکستان کو دنیا کا بہترین ملک بنانے کا عزم کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں بننے والی موٹر وے کی مجھے ذاتی طورپر خوشی ہے،ہزارہ موٹروے کا معیار لاہور موٹروے کے برابر ہے،حویلیاں تا تھاکوٹ موٹروے6رویہ ہوگی،وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام بڑے منصوبے مسلم لیگ ن نے شروع کئے موٹروے بننے سے برہان سے شنکیاری کا5گھنٹے کا سفر ڈیرھ گھنٹے میں طے ہوگا،ہزارہ موٹروے سے تمام علاقے کو منسلک کیا جائے گا،برہان سے حویلیاں موٹروے آئندہ سال مکمل ہوجائے گی،1990سے خیبرپختونخوا میں تمام ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے بنائے،ہزارہ موٹروے کا دوسرا سیکشن بھی 2018تک مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا پشاور سے اسلا م آباد موٹروے مسلم لیگ(ن )کی حکومت نے بنائی ،بالاکوٹ سے بابو ٹاپ تک سٹرک بھی مسلم لیگ ن نے ہی بنائی تھی،وزیراعظم نے کہا کہ نیا کستان بنانے کے دعویدار بتائیں کی ملکی ترقی کون کررہاہے اورملکی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں کون ڈال رہاہے،2سال بعد پاکستان خوشحال ہوچکا ہوگا،پھر خوشحال پاکستان کے عوام خود2018کے انتخابات میں ترقی کے مخالفین سے نمٹیں گے،نعرے بازوں کو عوام اچھے سے نمٹے گی۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نعرے بازی پر نہیں ترقی پر یقین رکھتی ہے،عوام جانتی ہے کہ میں جس کام کا آغاز کروں اسے مکمل کرکے دم لیتا ہوں ،پاکستان کی ترقی میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے،قومی ترقی کی راہ میں حائل ہونے والوں کوعوام خوداٹھا کر باہر پھینکیں گے،بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی آئی ہے ،اگلے سال مزید کمی آئے گی اور2018میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ لاہور سے کراچی موٹروے کا کام بھی جلد شروع ہونے والا ہے،موٹروے بننے سے مانسہرہ سے کراچی تک سفر آسان ہوجائے گا،وزیراعظم نوازشریف نے ہزارہ یونیورسٹی کے لئے ایک ارب روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہزارہ یونیورسٹی کے لئے پہلے بھی 66کروڑ روپے کی امداد دی،زلزلے کے بعد سے کسی حکومت نے ہزارہ یونیورسٹی کی تعمیر نوپر توجہ نہیں دی،مسلم لیگ (ن)دے رہی ہے،مانسہرہ کے عوام کو جتنی ضرورت ہوئی ،لیپ ٹاپ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے جن کو ہم نے بوتل میں بندکردیا ہے،ملک نے اقتصادی ترقی کے لئے پرواز شروع کردی ہے،دیامر بھاشاڈیم کی تعمیر سے4ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی ختم ہورہے ہے،4ہزار میگاواٹ صلاحیت والا داسو ڈیم بھی بنائیں گے،وزیراعظم نے بالا کوٹ کے لئے سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کاغان اورناران تک بھی گیس فراہم کریں گے،وزیراعظم نے ہزارہ یونیورسٹی کا معیار بلند ترین کرنے کے لئے پالیسی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیسے اربوں ہوں یا کھربوں سب عوام پر قربان کردوں گا۔

وزیراعظم نوازشریف نے مانسہرہ میں ہسپتالوں ،مراکز صحت اورسکولوں کی تعمیر نو کا اعلان کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں اورسکولوں کی تعمیر نو آئندہ برس تک مکمل کی جائے،وزیراعظم نے کالا ڈھاکہ کو بجلی فراہم کرنے کے لئے20کروڑ روپے کا اعلان جبکہ مانسہرہ میں قبرستانوں کی زمین کے لئے20کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا،وزیراعظم نے مانسہرہ بائی پاس کی تعمیر اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری آئی تھی جو مسترد کردی ،آئندہ ماہ پٹرول کی موجودہ قیمتیں برقراررہیں گی،خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت نہیں پھر بھی منصوبے شروع کررہے ہیں،ترقی کے سفر کو ملک بھر میں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :