صوبے میں آبی وسائل کو بروئے کارلاتے ہوئے توانائی کے شعبے میں انقلاب برپا کرینگے،عنایت اﷲ

شمالی علاقوں میں پن بجلی کی جاری ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر بروقت مکمل کیاجائیگا،،سینئروزیرخیبرپختونخوا

جمعرات 28 اپریل 2016 19:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا کے سنیئروزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ قدرت نے ہمارے صوبے کو لاتعداد قدرتی وسائل سے نواز اہے جنہیں بہترانداز سے استعمال میں لاتے ہوئے صوبے کو ترقی سے ہمکنار کیاجاسکتاہے یہ بات انہوں نے پشاورمیں اپرو لوئر دیر اورچترال کے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

وفود نے سینئر صوبائی وزیر کواپنے درپیش مسائل ومشکلات سے آگا ہ کیا ۔سینئر صوبائی وزیرنے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت پر عمل پیرا ہے اور صوبے کی پسماندگی اور دورافتادہ علاقوں کی ترقی کے لئے دورس اقدامات اٹھارہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائے جانے والے قدرتی آبی وسائل کو بروئے کار لاکر توانائی کے شعبے میں عنقریب انقلاب برپا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمالی علاقوں میں پن بجلی کی جاری ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر بروقت مکمل کیاجائے گا۔ کوالٹی اورمعیار کے ساتھ ساتھ منصوبوں میں تاخیرہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس لئے معززین علاقہ خود بھی ترقیاتی کاموں پر نظر رکھیں اورجہاں کوئی کوئی بدعنونی یا سستی نظر آئے تو اسے ان کے نوٹس میں ضرور لائے ۔انہوں نے کہا کہ فعال بلدیاتی نظام میں ترقی کاراز مضمرہے اورپہلی دفعہ موجودہ مخلوط سیاسی حکومت نے شفاف بلدیاتی انتخابات کرائے ہیں اور اختیارات کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کیاہے۔ سینئر وزیر بلدیات نے وفودکو ان کے تمام جائز اور اجتماعی مسائل کے حل کی یقین دہائی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :