Live Updates

عمران خان رات کو سوتے ہوئے خواب میں وزیراعظم بن جاتے ہیں، پھر خواب میں ہی وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرتے ہیں

اور احکامات جاری کرتے ہیں، صبح آنکھ کھلنے پر وہ غصہ میں آجاتے ہیں اور بہتان اور الزام تراشی کی سیاست شروع کر دیتے ہیں، کسی کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں مگر رائے ونڈ جانے کی غلطی وہ خواب میں بھی نہ کریں، اگر ایسا ہوا تو مسلم لیگ ( ن) کے شیر کارکنوں کو اپنے راستے میں پائیں گے کیونکہ ہمیں اپنے گھر کی حفاظت کرنا آتی ہے، آزاد کشمیر میں نظریاتی اور خدمت کی سیاست کی ضرورت ہے ناچ گانے کی نہیں، وزیراعظم بننے کیلئے نواز شریف بننا پڑتا ہے اور لوگوں کی خدمت کرنی پڑتی ہے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کا باغ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 28 اپریل 2016 18:37

باغ ۔ 28 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ عمران خان رات کو سوتے ہوئے خواب میں وزیراعظم بن جاتے ہیں، پھر خواب میں ہی وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرتے ہیں اور احکامات جاری کرتے ہیں، صبح آنکھ کھلنے پر وہ غصہ میں آجاتے ہیں اور بہتان اور الزام تراشی کی سیاست شروع کر دیتے ہیں، کسی کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں مگر رائے ونڈ جانے کی غلطی وہ خواب میں بھی نہ کریں، اگر ایسا ہوا تو مسلم لیگ ( ن) کے شیر کارکنوں کو اپنے راستے میں پائیں گے کیونکہ ہمیں اپنے گھر کی حفاظت کرنا آتی ہے، آزاد کشمیر میں نظریاتی اور خدمت کی سیاست کی ضرورت ہے ناچ گانے کی نہیں، وزیراعظم بننے کیلئے نواز شریف بننا پڑتا ہے اور لوگوں کی خدمت کرنی پڑتی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر خوبصورت خطہ ہے، گزشتہ 65سالوں میں لوگوں کا استحصال کیا گیا ۔ نواز شریف نے کہا کہ کارکنوں سے پوچھا جائے کہ وہ آئندہ انتخابات میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کرنا چاہتے ہیں یا پارٹی اپنی حیثیت سے الیکشن لڑے، ہم نے ایک ایک کارکن سے اس بارے میں پوچھا سب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مضبوط ہو چکی ہے ہمیں کسی کے ساتھ اتحاد کرنے کی ضرورت نہیں اس لئے مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات میں ہر نشست پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا ہے جس کی رپورٹ عنقریب وزیراعظم کو پیش کی جائے گی اس کے بعد شفاف طریقہ سے میرٹ پر امیدواروں کو ٹکٹ دئیے جائیں گے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے علاقہ کے لوگوں سے کہا کہ وہ وعدہ کریں کہ وزیراعظم جس امیدوار کو ٹکٹ دیں اس کو آپ نے کامیاب کرانا ہے۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) حکومت کیلئے بڑی ضرورت ہے تاکہ یہاں کے لوگوں کی تقدیر بدل سکے۔

کرمانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہمارے پہلے کنونشن کے بعد دھمکیاں دی گئیں اور ہم نے فیصلہ کیا کہ الیکشن ہوں یا نہ ہم بار بار کشمیر آئیں گے اور دیکھیں گے کہ کون ہمیں روکتا ہے، کشمیر میں پی پی پی کی حکومت نے آزاد کشمیر کے لوگوں کے حق پر ڈاکا ڈالا ۔ اگر (ن)لیگ ان سے حساب مانگتی ہے تو آزاد کشمیر کے حکمرانوں کے سر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن بہت ضروری ہیں اور اب خطہ کی تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا ہے جس کے لئے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے فرمایا کہ ایک ہاتھ سے ووٹ دو دوسرے ہاتھ سے پاکستان لو کشمیری عوام ایک ہاتھ سے نواز شریف کو ووٹ دیں دوسرے ہاتھ سے خوشحال، ترقی یافتہ کشمیر لیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف 9پارک کے ایک چھوٹے سے کونے میں ایک شخص نے میوزیکل شو کیا یہ مشرقی روایات نہیں، ایسے لوگوں کو منتخب نہ کریں ورنہ یہ ملک کا حشر نشر کر دیں گے۔

ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیراعظم پر جو الزامات لگائے گئے پانامہ لیکس کے تحقیقاتی ادارہ نے خود تسلیم کیا کہ وزیراعظم کا نام نہیں الزامات دراصل عمران خان کا مسئلہ ہے۔ عمران خان کو ملک کا وزیراعظم بننے کا جنون ہے، عمران بڑے کھلاڑی تھے تاہم الزام تراشی اور منفی سیاست سے انہوں نے اپنی سیاست خود ختم کر دی ۔ آصف کرمانی نے کہا کہ وزیراعظم بننے کیلئے نواز شریف بننا پڑتا ہے، عوام کیلئے ترقیاتی کام کرنا ہوتے ہیں، موٹرویز بنانا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے مظفر آباد تک ریلوے لائن بچھائیں گے، موٹرویز بنائیں گے جس کیلئے پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواب سارے لوگ دیکھتے ہیں عمران وزیراعظم بننے کا خواب دیکھتے ہیں، پھر خواب میں ہی وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرتے ہیں اور احکامات بھی جاری کرتے ہیں، صبح آنکھ کھلنے پر وہ غصے میں آ جاتے ہیں ایسے لوگوں سے بچا جائے۔

ڈاکٹر کرمانی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے وزیراعظم نے خط لکھ دیا ہے ، ہم کسی کو یہ حق نہیں دیتے کہ وہ ہماری اعلیٰ قیادت کامیڈیا ٹرائل کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان رائے ونڈ جانے کی بات کرتے ہیں وہ یہ خواب دیکھنا چھوڑ دیں کیونکہ نواز شریف کے کارکنوں کو اپنے گھر کی حفاظت کرنا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حکمران کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت یہاں مداخلت کرتی ہے اگر وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ترقی و خوشحالی اور دوستی کا پیغام آنا مداخلت ہے تو ہم ایک بار نہیں ہز ار بار مداخلت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ باغ کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اپنی حکومت کے تین ماہ کے اندر یہاں تمام سڑکوں کو پختہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کیلئے 300ارب روپے دئیے گئے ہیں، 10اضلاع میں سے سے کسی ایک ضلع میں 30لاکھ روپے بھی خرچ نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ حکومت نے ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات سوچ رہے ہیں مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کریں گے۔

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کی منزل بھی قریب آئے گی اس طرح دونوں اطراف کے کشمیری آپس میں مل بیٹھیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کا یہی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے کیلئے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے صوبہ کے عوام کیلئے کچھ نہ کر سکے۔ان کی کرپشن ختم کرنے کا دعویٰ بھی ناکام ہوا اور اس ناکامی پر وہ منفی ہتھکنڈوں پر اتر آئے کسی کو پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا میڈیا ٹرائل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات