فلم ’’مالک ‘‘پرحکومتی پابندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا

کرپشن کے خلاف بنائی گئی فلم لوگوں کے لئے سبق آموز ہے ،پابندی کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے ‘ درخواست گزار کا موقف

جمعرات 28 اپریل 2016 18:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) حکومت کی جانب سے فلم ’’مالک ‘‘پر پابندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ۔حکومت کی جانب سے فلم ’’مالک ‘‘کے ریلیز ہونے کے بعد اس پر پابندی عائد کئے جانے کے اقدام کو شہری نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ کرپشن کے خلاف بنائی گئی فلم لوگوں کے لئے سبق آموز ہے جبکہ چیئرمین سنسربورڈ نے پہلے فلم کا سنسر سرٹیفکیٹ جاری کیا اور فلم 8اپریل کو ریلیز ہوئی جس کے بعد اس پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرنا غیرقانونی ہے۔

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ فلم ’’مالک ‘‘پر پابندی کا اقدام کالعدم قراردیا جائے۔واضح رہے کہ 3ہفتے قبل وفاقی فلم سنسر بورڈ کی جانب سے معروف ہدایتکار عاشرعظیم کی فلم ’’مالک ‘‘کو سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا جس پرسندھ سنسر بورڈ اور پھروفاقی سنسر بورڈ نے فلم پر پابندی عائد کی جب کہ چیرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ فلم میں صوبائی تعصب اجاگر کرنے، عام شہریوں کو قانون ہاتھ میں لینے اور سیاستدانوں کے خلاف پروپیگنڈے پر اکسایا گیا ہے۔