عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے کراچی میں مزید ترقیاتی کاموں کا جھال بچھایا جارہا ہے ،جام خا ن شورو

کے پی ٹی کیساتھ مل کر ایسا ایلی ویٹیڈ پل بنانے پر کام کررہے ہیں جس کا براہ راست قائدہ کراچی کے عوام کو پہنچے گا، وزیر بلدیات سندھ

جمعرات 28 اپریل 2016 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی میں مزید ترقیاتی کاموں کا جھال بچھایا جارہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم ہوسکیں۔ جلد ہی سندھ حکومت کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ساتھ مل کر ایسا ایلی ویٹیڈ پل بنانے پر کام کررہی ہے، جس کا براہ راست قائدہ کراچی کے عوام کو پہنچے گا اور کلفٹن، ڈیفنس اور دیگر اطراف کے علاقوں کو ڈسٹرکٹ ویسٹ میں ہاکس بے اور اس کے اطراف کے علاقوں سے ملایا جاسکے گا۔

اس سلسلے میں سندھ حکومت کے پی ٹی کو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین کے پی ٹی وائس ایڈمریل (ریٹائرڈ) شفقت جاوید سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایلی ویٹیڈ برج کے ڈائریکٹر پلاننگ، کے ایم سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو، ڈی جی لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی عبدالعزیزی میمن، کنسلٹنٹ عاصم عثمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی اور صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کو ایلی ویٹیڈ برج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ برج کلفٹن اور ڈیفنس سے شروع ہوگا اور ہاکس بے اور منوڑہ تک جائے گا ۔ صوبائی وزیر جام خان شور و نے کہا کہ اس سلسلے میں سندھ حکومت کے پی ٹی کو درکار زمین اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی اور یہ منصوبہ سندھ حکومت اور کے پی ٹی کے اشتراک سے بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ایلی ویٹیڈ برج سے ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقوں ہاکس بے، منوڑہ اور اطراف کی دیگر آبادیوں کی ڈسٹرکٹ ساؤتھ تک رسائی ممکن ہوجائے گی اور ان کا معیار زندگی مزید بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر اس وقت بھی کراچی میں کئی نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہوا ہے اور مزید نئے منصوبوں کے لئے بھی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے، جس سے کراچی کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے اور یہاں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی وائس ایڈمریل (ریٹائرڈ) شفقت جاوید نے کہا کہ کے پی ٹی نے ماضی میں بھی کراچی کی ترقی اور خوشحالی اور یہاں کے عوام کی سہولیات کے لئے کئی اوور ہیڈ برج اور انڈر پاسز تعمیر کئے ہیں اور جناح برج سے ہاکس بے اور منوڑہ تک کے اس ایلی ویٹیڈ برج کی تعمیر سے کراچی کے ڈسٹرکٹ ویسٹ کے وہ علاقے جو دور دراز ہونے کے باعث شہر سے کٹ جاتے ہیں، ان کو شہر سے ملا دیا جائے گا اور یہ ایک عظیم منصوبہ ہوگا، جس کو کے پی ٹی اور سندھ حکومت مل کر بنائے گی۔ اس موقع پر بروجیکٹ کنسلٹنٹ اور ڈائریکٹر پلاننگ کے پی ٹی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس برج کے حوالے سے تیار کی گئی رپورٹ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :