آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت کی وجہ سے ریاست کی آمدنی میں 18ارب روپے کی کمی آئی ہے اور آزاد کشمیر حکومت نے 5ارب روپے کا اوور ڈرافٹ لیا ہے،کشمیر میں 5سال کے دوران انتقامی سیاست ہوئی اور نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھیلا گیا، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کو جلد خط لکھا جائے گا کہ آزاد کشمیر میں کرپٹ وائس چانسلر مقرر کرنے کی تحقیقات کرائی جائیں، پیسے لے کر میڈیکل یونیورسٹیوں، کالجوں میں بھرتیاں کی گئیں، صدر آزاد کشمیر کے اپنے حلقہ میں بھی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے والی ہے

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر کا باغ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 28 اپریل 2016 16:55

باغ ۔ 28 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت کی وجہ سے ریاست کی آمدنی میں 18ارب روپے کی کمی آئی ہے اور آزاد کشمیر حکومت نے 5ارب روپے کا اوور ڈرافٹ لیا ہے،کشمیر میں 5سال کے دوران انتقامی سیاست ہوئی اور نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھیلا گیا، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کو جلد خط لکھا جائے گا کہ آزاد کشمیر میں کرپٹ وائس چانسلر مقرر کرنے کی تحقیقات کرائی جائیں، پیسے لے کر میڈیکل یونیورسٹیوں، کالجوں میں بھرتیاں کی گئیں، صدر آزاد کشمیر کے اپنے حلقہ میں بھی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، یہاں پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے والی ہے۔

وہ جمعرات کو باغ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی، ایم ایل اے عابد رضا، مسلم لیگ (ن)کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر سمیت مسلم لیگ کے کثیر تعداد میں کارکن اور رہنما موجودذ تھے۔ برجیس طاہر نے کہا کہ غازیوں کے ساتھیوں، شہداء کے وارثوں اور نواز شریف کے جانثاروں کو میں یہاں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن میں دیکھ رہا ہوں، یہاں پر لوگ پی پی پی کی حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 5سال حکومت کے دوران آمدنی 18ارب روپے کم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کام نہ کیا گیا، یہاں ہماری حکومت بھی نہ تھی مگر وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد سے کشمیر تک موٹرویز اور ریلوے لائنز بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی پی پی کی موجودذہ حکومت نے قبضہ گروپ اور انتقام کی سیاست کی ہے۔

آج وقت آ گیا ہے کہ ان لوگوں کی انتقام کی سیاست کا جنازہ اٹھ چکا ہے۔ برجیس طاہر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پاکستان میں تین سال کے دور حکومت میں کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی انتقامی حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے باعث انسانوں کا سمندر مسلم لیگ (ن) میں امڈ آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجوں میں بھرتیاں میرٹ پر نہیں کی گئیں، اس کا محاسبہ ہونا چاہیے، اس سلسلہ میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین کو خط لکھا جائے گا تا کہ کرپٹ وائس چانسلروں کے خلاف جلد از جلد کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اب انتخابات کا وقت آ گیا ہے، ہم ووٹ کی سیاست کرتے ہیں اور عوام انتقام ووٹ کے ذریعے لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باغ کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے، عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں، ہم کشمیریوں کی ترجمانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی باغ میں50کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی۔