وزیراعظم نے 2018ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل ختم کرنے کا اعلان کردیا،بجلی اڑھائی روپے سستی کررہے ہیں،ہم پاکستان کی ترقی،عوام کی بہتری،خوشحالی کا ایجنڈا رکھتے ہیں،ہم دھرنوں کا ایجنڈا نہیں رکھتے،پاکستان کو بہترین ملک بنانے کا عزم لے کر نکلے ہیں، ٹانگیں کھینچے والے ترقی کی راہ میں حائل ہونگے تو عوام باہر پھینک دینگے،مہنگائی کا جن بوتل میں بند کردیا ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر نے سے وزارت پٹرولیم سے معذرت کرلی ہے۔وزیراعظم محمد نواز شریف کا مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب

وزیراعظم نے ہزارہ یونیورسٹی کیلئے ایک ارب روپے ،ایبٹ آباد اور مانسہرہ کیلئے گیس اور بجلی کی فراہمی،زلزلہ سے تباہ ہونے والی سڑکوں، ہسپتال اورسکولوں کی دوبارہ تعمیر کی ہدایت ،چارجگہ پر قبرستان کیلئے نئی جگہ خریدنے کیلئے 20کروڑ روپے دینے کااعلان بھی کیا۔

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 اپریل 2016 16:43

وزیراعظم نے 2018ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل ختم کرنے کا اعلان کردیا،بجلی ..

مانسہرہ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28اپریل۔2016ء) : وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوام کو مکمل یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ 2018ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل ختم ہوجائیگی،ہم پاکستان کی ترقی،عوام کی بہتری،خوشحالی کا ایجنڈا رکھتے ہیں،ہم دھرنوں کا ایجنڈا نہیں رکھتے،پاکستان کو بہترین ملک بنانے کا عزم لے کر نکلے ہیں، 1990سے لیکر آج تک تمام بجلی اور سڑکوں کے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بنائے ہیں،پاکستان کے عوام آپ کوترقی کی راہ میں حائل نہیں ہونے دینگے،انہوں نے یونیورسٹی کو مزید 100کڑور روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈڈیال آکر بہت خوشی ہو رہی ہے،میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں ترقی و خوشحالی کے سفر پر نکلا ہوں ،جلسے جلوسوں کی مہم پر نہیں نکلا،آج بھی یہاں ایک پراجیکٹ کی تقریب کیلئے آیا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی،عوام کی بہتری،خوشحالی کا ایجنڈا رکھتے ہیں۔ہم دھرنوں کا ایجنڈا نہیں رکھتے،پاکستان کو بہترین ملک بنانے کا عزم لے کر نکلیں ہیں۔

برہان سے لے کر حویلیاں تک،جبکہ اب حویلیاں سے شنکیاری موٹروے شروع ہو رہی ہے۔اسلام تا پشاور موٹروے چھ لینز پر مشتمل ہے۔میرے دوست جب حسن ابدال سے یہاں تک پہنچتے ہیں تو کتنے گھنٹے لگتے ہیں؟پانچ گھنٹے لگتے ہیں ، وزیر اعظم نے اس موقع پر چیئر مین این ایچ اے کو سٹیج پر بلا کر پوچھا تو چیئر مین نے بتایا کہ برہان سے شنکیاری تک موٹروے مکمل ہو نے پر یہ فاصلہ صرف ڈیڑھ گھنٹہ میں طے ہوگا ۔

نواز شریف نے کہاکہ کہاں پانچ گھنٹے کا سفر اور کہاں ڈیڑھ گھنٹہ کا سفر ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مانسہرہ اور ایبٹ آباد کو موٹر وے سے ملایا جائیگا اور یہ موٹر وے خوشحالی کا پیغام ہوگا ۔ امن کیلئے پیغام ہوگا ، پاکستان کی ترقی کا پیغام ہوگا۔ پاکستان کے عروج کا پیغام ہوگا مجھے جتنا پیار لاہور ، کراچی ، پشاور ، کوئٹہ کے لوگوں سے ہے اتنا ہی پیار مجھے شنکیاری اور ڈڈیال کے لوگوں سے ہے وزیر اعظم نے کہاکہ ہم صرف زبانی نعرے نہیں لگاتے ہیں یہ عملاً کام ہورہے ہیں ۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ برہان سے آنے والی موٹر وے کاہیلی کاپٹر کے ذریعے سروے کیا اور یہ اگلے سال مکمل ہو جائیگی ۔شنکیاری تک موٹر وے 2018تک مکمل ہو جائیگی انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختون خوا میں1990سے لیکر آج تک جتنے بھی بڑے بڑے منصوبے ہیں وہ سب مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں مکمل کئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ پشاور سے اسلام آباد تک موٹروے نوازشریف کے دور میں بنائی گئی اس کے بعد ہزارہ موٹر وے بن رہی ہے جل تھل، بالا کوٹ سے سڑک بھی ہمارے دور میں بنائی گئی ہے باڑیاں سے لیکر ایبٹ آباد تک سڑک ہم نے بنائی ہے۔

حویلیا ں سے خاکوٹ تک سڑک بھی ہم نے بنائی گئی ہے کوہستان اور گلگت بلتستان سے گزرتی ہوئی چین جائیگی نواز شریف نے کہاکہ یہ سارے کام مسلم لیگ (ن)کررہی ہے نیا پاکستان کدھرہے وہ کون بنا رہا ہے ؟ یہ ہمارے منصوبے ہیں خیبر پختون خوا میں ہماری حکومت نہیں ہے اور اس کے باوجود ہم منصوبے مکمل کررہے ہیں مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے نعرے بازی پر یقین نہیں رکھتی۔

نعرے بازوں سے عوام خود نمٹیں گے ،ہمارے جب پانچ سال پورے ہونگے تو خوشحال پاکستان نظر آئے گا لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہوگی آج بڑے بڑے منصوبوں کی بنیاد رکھی ہے میں وہ شخص ہوں جو فیتہ کاٹ کر منصوبے کو مکمل کرواتا ہوں ،یہاں سب لوگ ٹانگیں کھینچنے والے بیٹھے ہوئے ہیں اگر ٹانگیں کھینچے والے ترقی کی راہ میں حال ہونگے تو عوام انہیں باہر پھینک دینگے عوام تمہیں بر داشت کر نے کیلئے تیار نہیں تم بھی سوچ سمجھ کر قدم اٹھاؤ ۔

ہم ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہونے دینگے ترقی کے ایجنڈے کو سبوتاژ نہیں کر نے دینگے ۔نواز شریف نے کہاکہ لاہور سے کراچی تک موٹر وے شروع ہونے والی ہے عوام ڈڈیال سے گاڑی میں بیٹھ کر کراچی جائینگے یہ ترقی کا ایجنڈا نہیں ہے تو اورکیا ہے ؟ انہوں نے کہاکہ 2013ء میں اٹھارہ ، اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی آج لوڈشیڈنگ بہت کم ہو چکی ہے انشاء اللہ اگلے سال اور کم ہو جائیگی۔

2018ء بجلی کی لوشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہوگا وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ یہاں گیس پہنچے گی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد دوبارہ رکھا ہے زلزلہ کے بعد کسی نے کام نہیں کیا یونیورسٹی کو 66کروڑ روپے پہلے دیا تھا اب 100کرو ڑ روپے دینے کااعلان کرتا ہوں ہم صرف بجلی کے کارخانے اور سڑکیں نہیں بناتے ہیں بلکہ بچوں اور بچیوں کو بھی پڑھاتے ہیں یہ ایک مثالی یونیورسٹی بنے گی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اب نہ صرف بجلی آئے گی بلکہ سستی ہوگی اڑھائی روپے فی یونٹ بجلی سستے کررہے ہیں اس سے پہلے بھی سستی کر چکے ہیں پاکستان کے اندر مہنگائی کی کمر ٹوٹ چکی ہے ، مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دیا ہے ملک مسائل سے باہر نکل رہا ہے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اس وقت بیسیوں بجلی کے کارخانے لگا رہے ہیں تھر ، پورٹ قاسم ، ساہیوال ، سکی کناری ،کاغان سمیت ملک بھر میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ بھاشا ڈیم بھی ہوگا جوچار ہزارمیگا واٹ بجلی پیدا کریگا تربیلا کی توسیع کررہے ہیں ، داسو ڈیم بنا رہے ہیں ، دہشتگردی ختم ہورہی ہے ، پاکستان میں گیس آرہی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ایبٹ آباد سے کالج دورہاتک بارہ انچ کی گیس پائپ لائن کا افتتاح کررہے ہیں ضلع مانسہرہ کے علاقوں کو مزید گیس فراہم کی جائیگی۔ میدان پکھل ، تناول ، اوگی اوگرا ، بالاکوٹ میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کر تا ہوں۔ یہ گیس کاغان اور ناران تک جانی چاہیے تاہم لوگ درخت نہ کاٹیں۔ مانسہرہ سے فیز ون جابا اور جابا سے بالا کوٹ فیز ٹو تک سوئی گیس کی فراہمی کااعلان کرتا ہوں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہزارہ یونیورسٹی کو ملک کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے معیار پر لانے کیلئے چیئر مین ہا ئر ایجو کیشن کو ہدایت کر دی ہے یہ منصوبے اربوں یا کھربوں روپے ہوں تاہم یہ منصوبے آپ پر قربان ہیں ۔ سچے پاکستانی اور اسلام کے داعی ہیں آ پ پاکستان کیلئے دعا کریں ۔وزیر اعظم نے کہاکہ2005کے زلزلے کی تباہ کاریوں کے بعد مانسہرہ میں سڑکوں ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور زلزلہ سے تباہ ہونے والے سکولوں کی دوبارہ تعمیر کی ہدایت کرتا ہوں اور یہ تعمیر آئندہ سال تک مکمل ہو نی چاہیے ،مانسہرہ شہر اور گردو نواح میں چار جگہ پر قبرستان کیلئے نئی جگہ خریدنے کیلئے ضلعی حکومت کو20کروڑ روپے دینے کااعلان کرتا ہوں۔

کالا ڈھاکو بجلی کی فراہمی کیلئے20کروڑ روپے کااعلان کرتا ہوں ایرا تمام منصوبوں کو تیزی کے ساتھ مکمل کرے ۔وزیر اعظم نے بتایا کہ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے سفارش کی ہے کہ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم منصوعات کی قیمتیں بڑھائی جائیں وزارت کی طرف سے سفارش کی گئی کہ پٹرول کی قیمت میں 3روپے ، ایچ او بی سی تین روپے 25پیسے ، ڈیزل 4روپے 41پیسے ، مٹی کا تیل ایک روپے 16پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 34پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جائے لیکن میں نے ان سے معذرت کرتے ہوئے کہاکہ میں ڈڈیال اور شنکیاری جارہا ہوں میں جلسہ ختم کر کے جاؤں اور پیچھے سے خبر آ جائیگی کہ تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور لوگ کیا کہیں گے ؟کم از کم آج کے دن قیمت نہیں بڑھاؤنگا انہوں نے بتایا کہ 8ارب روپے کا حکومت کو خسارہ ہوگا میں نے جواب دیا کہ جہاں اتنے ارب روپے ڈڈیال کے عوام پر خرچ کر رہے ہیں توآٹھ ارب روپے بھی قربان کر نے کیلئے تیار ہیں ہم عوام کی بہتری کا سوچتے ہیں ہم اس سفرپر گامزن رہیں گے سازشوں کر نے والوں سے عوام نمٹیں گے وزیر اعظم نے کہاکہ ایبٹ آباد فوارہ چوک سے لیکر پبلک سکول تک دونوں اطراف سروس روڈ بنانے کیلئے چیئر مین این ایچ اے کو ہدایت کر دی ہے اس میں انڈر پاسز بھی ہونگے اور اس پر ایک ارب روپے خرچ ہونگے مانسہرہ بائی پاس کا بھی اعلان کرتا ہوں انہوں نے کہاکہ یہ منصوبے اگلے دوسالوں میں مکمل ہو جائینگے اور پھر سرخرو ہو کر اگلے الیکشن میں جائینگے ۔

اس موقع پر جلسے میں موجود طلباء کی جانب سے لیپ ٹاپ کا مطالبہ کیا گیا جس پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ جتنے لیپ ٹاپ کہیں گے ہم دینگے انہوں نے چیئر مین ہائر ایجو کیشن ڈاکٹر مختار کو ہدایت کی کہ وہ اس دور دراز علاقے کے طلباء کیلئے لیپ ٹاپ کی تعداد کو دوگنا کریں۔

وزیراعظم نے 2018ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل ختم کرنے کا اعلان کردیا،بجلی ..