Live Updates

نواز شریف کے پاس حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا ،جب تک سچ نہیں بولیں گے دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے ‘ عمران خان

جمعرات 28 اپریل 2016 16:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پاس اب حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا ، وہ جب تک پاناما لیکس کے معاملے پر قوم سے سچ نہیں بولیں گے تو مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے،حکومت شریف خاندان کی کرپشن چھپانے کے لئے عوامی ٹیکس کے پیسے کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے،نیب کو حکومت کی جانب سے ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے کا ایکشن لینا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو اور سماجی رابطوں کی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام کیا ۔عمران خان نے کہاکہ پاناما لیکس کے حوالے سے حکمران قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکمرانوں نے شوکت خانم کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا، شوکت خانم کے سارے فنڈز واپس آ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے نام آئے ہیں اس لئے انہیں بتانا پڑے گا کہ قوم کا پیسہ بیرون ملک کیسے گیا، مے فیئرز کے 4فلیٹس کہاں سے آئے اور حسن نواز نے ساڑھے 6سو کروڑ روپے کا فلیٹ بیچا تو یہ رقم ان کے پاس کہاں سے آئی، اگر وزیراعظم چاہیں تو ان سوالوں کے جواب 5منٹ میں دے سکتے ہیں لیکن یہ معاملے کو طول دے رہے ہیں اور کبھی مانسہرہ جا رہے ہیں اور کبھی ایبٹ آباد، پاناما لیکس میں نام آنے کے بعد وزیراعظم حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری ، کرپشن اور الیکشن کمیشن کے ساتھ فراڈ کرنے کے حوالے سے تمام شواہد سامنے آ چکے ہیں اور ان تمام شواہد کی روشنی میں پوری قوم اور اپوزیشن اس بات پر متفق ہے کہ ہمیں وزیر اعظم سے تمام کرپشن کا جواب چاہیے ۔نواز شریف جب تک پاناما لیکس کے معاملے پر قوم سے سچ نہیں بولیں گے تو مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس کی جانب سے سکینڈل کی خبر کی اشاعت پر معافی مانگنے کا الزام بے بنیاد اور غلط ہے ، پاناما لیکس نے نواز شریف کے حوالے سے خبر کی اشاعت پر کوئی معافی نہیں مانگی اور نہ ہی اس خبر میں کوئی حقیقت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا ہے اور وہ پریشانی کے عالم میں رابطے کرنے کیلئے ادھر ادھر بھاگ دوڑ کر رہے ہیں ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے شریف خاندان نے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا ء میں پاکستان کا ہیومن ڈویلپمنٹ انڈکس سب سے نیچے ہے لیکن حکومت عوامی پیسے کو شریف فیملی کے آف شور اکانٹس سے توجہ ہٹانے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کو حکومت کی جانب سے ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے کا ایکشن لینا چاہیے جبکہ شریف فیملی کو چاہیے کہ اپنے آف شور اکانٹس کے دفاع کے لئے عوامی پیسے کے بجائے بیرون ملک بھیجے گئے اربوں روپے میں سے رقم استعمال کرے۔ عمران خان نے کہاکہ شریف خاندان کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ پاکستان ہے اور یہاں جمہوریت ہے بادشاہت نہیں جہاں شریف خاندان بغیر کسی احتساب کے عوام پر حکمرانی کر سکتا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات