قدرتی آفات ،حادثات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کے ذمہ داران ،کارکنوں کو جدید تربیت کی ضرورت ہے ،ممنون حسین

جمعرات 28 اپریل 2016 16:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قدرتی آفات اور حادثات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ذمہ داران اورکارکنوں کو جدید تربیت کی ضرورت ہے تاکہ ان مسائل سے بہتر طریقے سے نمٹا جا سکے۔صدر مملکت نے یہ بات سرجن جنرل انٹرنیشنل کانفرنس کے افتتاح کے بعد اپنے خطاب میں کہی۔ کانفرنس کا اہتمام آرمی میڈیکل کالج اور سرجن جنرل پاکستان نے کیا تھا۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اورنیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے اداروں کو چونکہ اس طرح کی صورت سے زیادہ واسطہ پڑتا ہے اورقدرتی حادثات سے نمٹنے کی پہلی ذمہ داری بھی ان ہی کی ہوتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ان سے وابستہ لوگوں کی تربیت کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم عصر دنیا میں اختیار کیے گئے طورطریقوں اورمعاصر اداروں کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔

صدرمملکت نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتاہے جہاں قدرتی اورغیر قدرتی حادثات عموماً زیادہ ہوتے ہیں لیکن یہ امر باعث اطمینان ہے کہ ہمارے ادارے ان آفات سے نمٹنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں جنھوں نے صرف پاکستان کے اندرہی نہیں بلکہ بیرون ِ پاکستان بھی امدادی کاروائیوں کی موئثرمثالیں قائم کی ہیں۔ صدر مملکت نے اس موقع آرمی میڈیکل کور کے اہلکاروں کی خدمات کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :