Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان لاہور پہنچ گئے

آئی سی آئی جے والوں نے نواز شریف کا نام نہیں‌ نکالا نہ معافی مانگی۔ عمران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 اپریل 2016 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 اپریل 2016ء) : پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان لاہور پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پانا مہ لیکس کی تحقیقات سے متعلق جھوٹ بولا جا رہا ہے۔حکمران قوم کا پیسہ خرچ کر کے جھوٹ بولتے جا رہے ہیں۔نواز شریف جب تک سچ نہیں بولیں گے دلدل میں پھنستے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی آئی جے نے نواز شریف سے معافی نہیں مانگی۔

نواز شریف کا نہ نام ہٹایا گیا نہ معافی مانگی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے قوم کے پیسے سے اشتہار دئے جا رہے ہیں، اپنی آف شور کمپنیوں سے ہی اشتہار دے دیتے۔شریف خاندان کے تما م جھوٹ پکڑے گئے ہیں۔شوکت خانم پر الزامات عائد کیے گئے اور جس رقم کے ڈوب جانے کا دعویٰ کیا گیا وہ رقم گذشتہ برس ہی واپس آ گئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ شریف برداران آٹھ سال سے حکومت میں ہیں، جہانگیر ترین پر پہلے بات کیوں نہیں کی گئی؟ انہوںنے کہا کہ حکومت کاکام بلیک میل کرنا نہیں بلکہ مجرم کو پکڑنا ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تمام قوم اور اپوزیشن جماعتیں پانامہ لیکس کے معاملے پر نواز شریف سے جواب لینے کے لیے متفق ہیں۔ نواز شریف مانسہرہ جا کر کیا ڈرامے کر رہے ہیں میری سمجھ سے باہر ہے۔ عمران خان نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اور کرپشن کے الزامات کے بعد اب نواز شریف کا وزیر اعظم رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بنتا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات