طالبان وفد امن مذاکرات کیلئے پاکستان نہیں آیا تھا ‘افغان طالبان

جمعرات 28 اپریل 2016 14:22

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) افغان طالبا ن نے کہا ہے کہ طالبان وفد امن مذاکرات کیلئے پاکستان نہیں آیا تھا ۔ قطر میں افغان طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے صحافیوں کو بتایا کہ طالبان سربراہ ملا اختر منصور نے گروپ کو پاکستان جانے کی ہدایات دی تھیں ‘یہ دورہ دونوں ملکوں کے مفاد میں اور نتیجہ خیز ثابت ہوگاطالبان وفد کے دورے کی رپورٹس اس سے قبل میڈیا میں سامنے آئی تھیں جن میں شہاب الدین دلاور، جان محمد اور ملا عباس شامل تھے۔

(جاری ہے)

طالبان وفد کی آمد اتفاق سے ایک ایسے وقت میں ہوئی جب افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے نائب خصوصی نمائندے جوناتھن کارپینٹر پاکستان میں موجود تھے جس سے ان قیاس آرائیوں نے جنم لیا کہ طالبان رہنما امن مذاکرات کے آغاز کے حوالے سے بات چیت کیلئے پاکستان آئے تاہم طالبان ترجمان کے مطابق وفد مختلف مسائل پر بات چیت کیلئے پاکستان آیا جن میں افغان مہاجرین کا مسئلہ، افغان صوبوں ہلمند، ننگرہار اور پکتیا میں مسائل اور طالبان رہنما ملا برادر کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کا خاتمے کے حوالے سے بات چیت تھی۔طالبان ترجمان کے مطابق قطر سے پاکستان جانے والے وفد نے مذکورہ معاملات پر ہی بات چیت کی اور ان کے ایجنڈے میں کوئی دوسرا معاملہ نہیں تھا۔

متعلقہ عنوان :