پاکستان ‘ دو نشستوں کے جے ایف تھنڈر 17B بنانے کا آغاز کر دیا گیا ‘ اپریل 2017ء میں دستیاب ہونگے

جمعرات 28 اپریل 2016 14:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) نے کہا ہے کہ دو نشستوں کے جے ایف تھنڈر 17B بنانے کا آغاز کر دیا گیا ہے جو کہ اپریل 2017 میں دستیاب ہوں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چین کے اشتراک سے بنھے والے پہلے جے ایف 17 بی بنانے کی افتتاحی تقریب چینگڈو ایئرو اسپیس کارپوریشن میں ہوئی۔

پی اے ایف کے مطابق نئے جیٹ پہلی پرواز کے لیے رواں برس کے آخر میں دستیاب ہوں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں ایئر مارشل محمد اقبال نے کہا کہ دو نشستوں کے اس طیارے سے تربیتی معیار میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ آپریشنل صلاحیتیں بہتر ہوں گی۔ایئر مارشل محمد اقبال نے چین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جن کی مستقل حمایت سے ہی اس طیارے کا ڈیزائن ‘بناوٹ اور بننے کے تمام مراحل طے ہو سکے۔

(جاری ہے)

چین کی قیادت نے پی اے ایف کی جانب سے طیارے کو آپریشنلائز کرنے اور جے ایف 17 کے پروجیکٹ کے تسلسل کیلئے معاونت کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے والے جے ایف 17 تھنڈر ایک انجن کا کئی کام کرنے والی جنگی طیارہ ہے، اس کی تیاری کا آغاز 1999 میں ہوا تھا ۔4 سال بعد جنگی طیارے نے پہلی پرواز کی تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر کی پہلی کھیپ 2007 میں تیار ہوئی تھی ‘ 2013 میں اس کا اپ ڈیٹڈ ورڑن تیار ہوا تھا جس میں فضا میں ری فیولنگ، الیکٹرانک جنگی صلاحیت اور زیادہ جنگی مواد لے جانے کا اضافہ ہوا تھا۔یہ طیارے مختصر اور طویل ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان کو زمین کے ساتھ ساتھ فضا میں ہی مسلح کیا جا سکتا ہے۔