پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کا فیصلہ انتہائی تشویشناک ہے ، امریکی اراکین کانگریس

جمعرات 28 اپریل 2016 13:59

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اپریل۔2016ء) امریکی اراکین کانگریس نے ایف سولہ طیاروں کی پاکستان کو فروخت کے اوبامہ انتظامیہ کے فیصلے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ طیارے دہشتگردی کیخلاف جنگ کی بجائے بھارت کیخلاف استعمال ہوسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی رکن کانگریس ماٹ سالمن نے سماعتی کمیٹی کو بتایا کہ ان کے سمیت دیگر اراکین کانگریس کو ایف سولہ طیارے پاکستان کو فروخت کرنے کے اوبامہ انتظامیہ کے فیصلے پر گہری تشویش ہے انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پاک بھارت کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ان طیاروں کی ملک کو فراہمی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہوسکتی ہے کیونکہ پاکستان طیارے دہشتگردوں کی بجائے بھارت یا پھر کسی بھی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرسکتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی باعت تشویش ہے کہ پاکستان کو جس طرح کی فوجی معاونت فراہم کی جارہی ہے اس سے پاکستان اور بھارت کے درمیان طاقت کا توازن بھی بگڑ سکتا ہے ایک اور رکن کانگریس براڈ شرمین نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو ہتھیاروں کا ایسا نظام پیش کرنے کی ضرورت ہے جس سے وہ دہشتگردی کا شاندار مقابلہ کرسکے تاہم یہ نظام بھارت یا کسی دوسرے ملک کیخلاف جنگ میں استعمال نہ ہوسکے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فوجی معاونت کے بدلے ہمیں ملک سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مزید تعاون کا مطالبہ بھی کرنا چاہیے

متعلقہ عنوان :