میر علی میں ڈرون حملہ کیس ،ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدا لت میں طلب

جمعرات 28 اپریل 2016 13:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اپریل۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ڈرون حملہ کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت پر امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق اسٹیشن چیف جوناتھن بینکس اور دیگر کے خلاف درج مقدمہ کی تفتیش سے متعلق کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا ہے،گزشتہ روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار کریم کی جانب سے ایڈووکیٹ مرزا شہزاد اکبر جبکہ اسٹینڈنگ کونسل عدالت میں پیش ہوئے ، ایڈووکیٹ مرزا شہزاد اکبر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ابھی تک کیس میں کچھ پیش رفت نہیں ہورہی ہے،اس پر عدالت نے کیس سے متعلق آگاہی کیلئے ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو طلب کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پانچ مئی تک ملتوی کردی،واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کریم خان کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو سابق سی آئی اے چیف اور لیگل ایڈوائزر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ میر علی میں ہونیوالے ڈرون حملے میں اس کا بھائی اور بیٹا ہلاک ہوا لہٰذا ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کی جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے پاکستان میں سابق سی آئی اے چیف جوناتھن بینکس اور جان رِزو کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :