پاکستانی قوم ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے کمر بستہ ہو چکی ہے،احسن اقبال

جمعرات 28 اپریل 2016 13:25

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے کمر بستہ ہو چکی ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے تمام علاقوں میں ترقی لائے گا، پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کا کوئی خطرہ نہیں، چین کے تجربے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ملک میں انقلاب برپا کریں گے۔

وہ گزشتہ روز یہاں اقتصادی راہداری سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے، ٹرانسپورٹ کا جدید نظام پاکستانی معیشت کو عالمی مقابلے کیلئے تیار کرے گا، اصلاحات کی بدولت پاکستان کا شمار دنیا کی آٹھ تیز رفتار ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں کیا جا رہا ہے، پاکستانی قوم بھی حکومت کے ساتھ ترقی کے سفر کے لئے کمر کس چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کے مختلف شعبوں میں پرکشش امکانات ہیں، چین کے کارکن پاکستانی قوم کے مہمان ہیں، چینی سرمایہ کار معدنیات، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا محل وقوع کم پیداوار لاگت اور اقتصادی انقلاب لا سکتا ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا معدنیات سے مالامال ہیں، انقلاب کیلئے چین کے تجربے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے تمام علاقوں میں ترقی لائے گا، پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کا کوئی خطرہ نہیں، چین کے تجربے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ملک میں انقلاب برپا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :