پی پی پنجاب کی آرگنائزنگ کمیٹی نے ناراض رہنماؤں ،کارکنوں کو منانے کیلئے فہرستیں مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا

جمعرات 28 اپریل 2016 12:39

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) پیپلز پارٹی پنجاب کی آرگنائزنگ کمیٹی نے پارٹی پالیسیوں اور دیگر وجوہات کی بناء پارٹی سے ناراضگی اور دوری اختیار کرنے ولے دیرینہ رہنماؤں اور کارکنوں کو منانے کیلئے فہرستیں مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا ،لاہور سمیت پورے پنجاب میں فہرستیں مرتب ہونے کے بعد باضابطہ ملاقاتیں کر کے تحفظات دور کئے جائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی تنظیمیں تحلیل کرنے کے بعد آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دیکر نہ صرف انہیں پارٹی سے نالاں رہنماؤں اور کارکنوں کو منانے کی ذمہ داری سونپی ہے بلکہ مذکورہ کمیٹیاں نئے عہدیداروں کے ناموں اور پارٹی کو فعال بنانے کی غرض سے سفارشات بھی پیش کریں گی ۔ وسطی پنجاب کیلئے مقرر کی گئی راجہ پرویز اشرف ،چوہدری منظور، رانا فاروق سعید ، ندیم افضل چن اور ندیم اصغر کائرہ پر مشتمل آرگنائزنگ کمیٹی نے بھی باضابطہ کام کا آغاز کر دیا ہے اور پہلے مرحلے میں پارٹی کی پالیسیوں اور دیگر وجوہات کی بنا ء پر پارٹی سے ناراضگی اور دوری اختیار کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو منانے کیلئے ان کے ناموں کی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

پورے صوبے میں اس مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد آرگنائزنگ کمیٹی تمام اضلاع کے دورے کر کے ان رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کر کے نہ صرف ان کے تحفظا ت دور کرے گی بلکہ ان سے پارٹی کو فعال بنانے اور عہدیداروں کے ناموں پرمشاورت بھی کی جائے گی ۔ رابطہ کرنے پر ندیم اصغر کائرہ نے بتایا کہ آرگنائزنگ کمیٹی نے باضابطہ کام کا آغاز کر دیا ہے اور انشا اللہ آنے والے دنوں میں نہ صر ف پیپلز پارٹی پنجاب میں فعال اور متحرک نظر آئے گی بلکہ جو لوگ کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی کمزو رہو گئی ہے انہیں بھی اس کا جواب دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ آرگنائزنگ کمیٹی نے پارٹی سے ناراض رہنماؤں اور کارکنوں کو منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں پنجاب بھر کا دورہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حلف اٹھایاہے کہ آرگنائزنگ کمیٹی کا کسی دھڑے سے کوئی تعلق نہیں ہوگا اور وہی سفارشات پیش کی جائیں گی جو پارٹی کے بہترین مفاد میں ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :