سوناکشی سنہا فلم ”نور“ میں کراچی کی خاتون صحافی کا کردار نبھائیں گی

جمعرات 28 اپریل 2016 12:17

سوناکشی سنہا فلم ”نور“ میں کراچی کی خاتون صحافی کا کردار نبھائیں گی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) بالی ووڈ کی دبنگ گرل کے نام سے مشہوراداکارہ سوناکشی سنہا اپنی نئی آنے والی فلم ”نور“ میں کراچی کی خاتون صحافی کا کردار نبھائیں گی۔بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ”دبنگ“ سے کیا اور خوب شہرت سمیٹی جبکہ اپنے فلمی کیرئیر میں کئی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کی اور متعدد کردار نبھائے جنہیں شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا تاہم اب دبنگ گرل ایک اور منفرد کردار میں جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اپنی نئی آنے والی فلم ”نور“ میں کراچی کی خاتون صحافی کا کردار ادا کریں گی جب کہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز اگلے برس ہوگا جس کی ہدایتکاری کے فرائض نئے ڈائریکٹر سنہل سپی سرانجام دیں گے۔ سوناکشی سنہا کی فلم پاکستانی صحافی صبا امتیاز کے مشہور ناول ”کراچی یو آر کلنگ می“ پر مبنی ہے جس کی کہانی عائشہ نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو شہر میں اپنے کام کے لیے اس کی جدوجہد پر محیط ہے۔واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اپنی فلموں ”اکیرہ“ اور ”فورس 2“ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔