مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف دعوؤں پر انحصار کر رہی ہے انتخاب سے پہلے کئے ہوئے ایک بھی وعدے پر عمل نہیں ہو سکا‘منظور احمد وٹو

پنجاب حکومت نے تعلیم کے لئے بجٹ ہی کم رکھا ہے جو ہے وہ بھی کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے ہسپتالوں میں مریض خوار ہو رہے ہیں اور دوائیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے موت کو گلے لگا رہے ہیں

بدھ 27 اپریل 2016 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے ہر سال دس لاکھ لوگوں کی آلودہ پانی سے ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف دعوؤں پر انحصار کر رہی ہے انتخاب سے پہلے کئے ہوئے ایک بھی وعدے پر عمل نہیں ہو سکا تعلیم، صحت، انرجی بحران اور امن و امان کی صورت حال گھمبیر شکل اختیار کر چکی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے تعلیم کے لئے بجٹ ہی کم رکھا ہے جو ہے وہ بھی کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے ہسپتالوں میں مریض خوار ہو رہے ہیں اور دوائیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے موت کو گلے لگا رہے ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداری نظام اور سرکاری کارپوریشنوں کے کی وجہ سے قوم کا ایک ہزار ارب روپے کا قیمتی سرمایہ ڈبویا جا رہا ہے جنوبی پنجاب ہسپتالوں ، سکولوں ، اور قبرستانوں فنڈز لاہور پر لٹائے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان حالات میں قوم حکمرانوں کا کڑا احتساب چاہتے ہیں وزیر اعظم نواز شریف کے 1990ء 1993 ء اور 1997ء کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی داخل کراتے ہوئے جن حقائق کو پوشیدہ رکھا گیا ہے اب ریکارڈ سامنے آنے سے ان کی اہلیت پر سوالات اٹھنے شروع ہو چکے ہیں اور عوامی نمائندگی ایکٹ 76 کی دفعہ 42-A اور 82 کے تحت کارروائی ہونے کے امکانات خارج از امکانات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف پارلیمانی نظام کو بچانے کے لئے ان ہاؤس تبدیلی میں بھی غیر جانبدارانہ طریقہ اختیار کر یں اگرا نہوں نے خاندانی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اقتدار اپنے خاندان کو ہی سونپا تو مسلم لیگ (ن) کا شیرازہ بکھر جائے گا۔