شہر قائد میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے بعد کارروائیوں میں اضافہ

لیاری اور کھوکھراپار میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران سیاسی ،کالعدم تنظیم کے4 کارندے گرفتار ،اسلحہ برآمد

بدھ 27 اپریل 2016 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء) شہر قائد میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے بعد کارروائیوں میں اضافہ، لیاری اور کھوکھراپار میں ٹارگیٹڈ آپریشن کرتے ہوئے سیاسی اور کالعدم تنظیم کے4 کارندوں کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ گرفتار افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے بعد پاکستان رینجرز سندھ کی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

پاکستان رینجرز سندھ نے بدھ کی صبح کراچی کے علاقے کھوکھراپار میں ٹارگیٹد آپریشن کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کربند کردیا اور کسی بھی شخص کو علاقے کے اندر ہا باہر جا نے کی اجازت نہیں تھی۔ رینجرز نے آپریشن شروع کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی اور جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں پر کارروائی کی۔

(جاری ہے)

اس دوران سیاسی جماعت کے 2کارکنوں کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

باخبر ذرائع کے مطابق زیر حراست ملزمان جرائم پیشہ ہیں اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان جسے سنگین جرائم کی وارداتوں کے مقدمات درج ہیں۔ ادھر لیاری کے علاقے میراں ناکہ گلی نمبر 6،7،8 اور 9 میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے 2 کارندے سہیل بلوچ اور حسین عرف چرسی کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں ملزمان علاقہ میں خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے۔ دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے متعدد بار کارروائی عمل میں لائی گئی لکن ملزمان پولیس مقابلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان قتل، اقدام قتل، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ دوسری جانب رینجرز ترجمان کی جانب سے چاروں افراد کی گرفتاری تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :