ٹریفک شعور بیداری کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا ،ایس پی سٹی نے شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کئے

بدھ 27 اپریل 2016 16:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور شہریوں میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پر اٹلس ہنڈا کی معاونت سے شہر بھر میں غیر نمونہ ،بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں ،ون ویلنگ کی حوصلہ شکنی اور لوگوں میں ٹریفک شعور بیدار کرنے کیلئے ہفتہ شعور بیداری کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا ،آج 28اپریل سے جیل روڈ پر ٹریفک آگاہی کیمپ لگایا جائے گا۔

ایس پی سٹی ٹریفک محمد آصف صدیق نے شہریوں میں ٹریفک شعور بیداری بارے پمفلٹس تقسیم کئے اس موقع پر نیشنل سیفٹی مینجر اٹلس ہنڈا تسلیم شجاع ،پولیس افسران صحافیوں اورشہریوں کی کثیر تعدادبھی موجود تھی جہاں لوگوں کو ٹریفک آگاہی لیکچر بھی دیاگیا، انہوں نے کہا کہ عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی،اس کیلئے عوام کا تعاون بھی بے حد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ شہری دوران سفراپنی گاڑیوں پر نمونہ اور قانون کے مطابق نمبر پلیٹ کی تنصیب یقینی بناتے ہوئے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں جبکہ ہمیں دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کی حفاظت کیلئے ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی ۔انہوں نے حکم دیا کہ روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی ویک بھرپور طریقے سے منایا جائے ،ایس پیز اور ڈی ایس پیز اہم شاہراہوں پر بھی ٹریفک شعور بیداری کا اہتمام کریں۔سی ٹی او نے کہا ایجوکیشن یونٹ بھی مرحلہ وار کیمپ کا وزٹ کرتے ہوئے لوگوں کو ایجوکیٹ کریں ۔