صوبائی حکومت عوام کا معیار زندگی بلندکرنے اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے ہیں ،صوبائی مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ

منگل 26 اپریل 2016 22:59

کوئٹہ۔ 26اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اپریل۔2016ء) صوبائی مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہے۔ عوام کا معیار زندگی بلندکرنے اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف دعوؤں کی حد تک محدود نہیں بلکہ عوام کی حقیقی خدمت کے لئے کوشاں ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت علاقے میں ترقیاتی کام ہیں۔

ہم حلقے کے لوگو ں پر احسان نہیں کررہے ، ترقی وخوشحالی ان کا بنیادی حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز دیبہ کوچہ عبدالعزیز میں ایک پرہجوم عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ ہم سے پہلے منتخب نمائندوں نے علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کروائے جس کے باعث علاقہ پسماندگی کا شکار ہوگیا۔

(جاری ہے)

اب اللہ کے فضل اور حلقے کے عوام کے تعاون سے مختلف نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے یقینا عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جس کی تکمیل سے بلوچستان میں خوشحالی آئے گی۔ صوبہ میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے موجودہ حکومت سنجیدہ کوششیں کررہی ہے جس کے باعث حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب لوگ بلا خوف وخطر قومی شاہراہوں پر سفر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ایک عوامی جمہوری اور سیاسی حکومت قائم ہے جو صوبے کے عوام کے مفادات کا ہرصورت تحفظ کرے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی وخوشحالی کے لئے ان کی شمولیت اشد ضروری ہے۔ قبل ازیں عوامی جرگہ میں 54افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پشتونخوا میپ میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔