پانامہ لیکس لوگوں کے احتساب کا مسئلہ نہیں، الزام وزیراعظم پر ہے، چودھری شجاعت حسین

2016ء سے احتساب کا عمل شروع کر کے 1947ء تک لے جایا جا سکتا ہے مگریہ ایک علیحدہ ایشو ہے، میڈیا سے گفتگو

منگل 26 اپریل 2016 22:49

اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا معاملہ لوگوں کے احتساب کا مسئلہ نہیں ہے اس میں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں نوازشریف اور ان کے خاندان پر الزام لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے میڈیا کے مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ چونکہ الزام وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی پر ہے اس لیے انہیں اپنے آپ کو پیش کرنا چاہئے اور اگر بری ہو جائیں تو پرائم منسٹر رہیں گے۔

1947ء سے احتساب کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بعد کی بات ہے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ 2016ء سے احتساب کا عمل شروع کر کے 1947ء تک لے جایا جائے لیکن یہ ایک علیحدہ ایشو ہے، پانامہ لیکس میں لگائے گئے مخصوص الزام کا جواب اخلاقی طور پر صرف وزیراعظم کو ہی دینا پڑے گا۔