گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا پراجیکٹ پر 3.4ارب روپے کی خطیر رقم سے کام کا آغاز کر دیا

منگل 26 اپریل 2016 18:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخواحکومت نے USAIDکے تعاون سے گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا پراجیکٹ پر 3.4ارب روپے کی خطیر رقم سے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج پراجیکٹ ڈائریکٹر گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا پراجیکٹ حیات اﷲ خان نے تحصیل کلاچی کے زمینداروں ، بلدیاتی نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کیلئے منعقد کئے گئے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ منصوبے کو عملی شکل دینے میں محنت اور کوششیں شامل ہیں۔

منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت تحصیل ڈیرہ ، ٹانک اور کلاچی کی 192,000ایکڑ زمین نہری نظام کے ذریعے زیر کاشت لائی جائے گی اور 400موگا جات کے ذریعے اس وسیع و عریض رقبے کو زیر کاشت لایا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ عوام کی خوشحالی کیلئے پختہ کھالیں، شنگل روڈز تعمیر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں زمینداروں کو اعلیٰ افزائش نسل کے مال مویشی بھی مہیا کئے جائیں گے اور کسانوں اور زمینداروں کی آسانی کیلئے کھیت سے پختہ روڈز تک لنک روڈز بھی بنائے جائیں گے۔

ان مقاصد کے حصول کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان میں پراجیکٹ ڈائریکٹر کا دفتر قائم کیا گیا ہے او ر ضروری عملہ بھی متعین کر دیا گیا ہے۔انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ منصوبے کے تحت تمام سرگرمیوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے آپ کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پراجیکٹ کے تحت تمام سروے اور ماسٹر پلان بنانے کیلئے حکومت نے کنسلٹنٹس کی تعیناتی کر دی ہے ، اسی طرح ڈیزائن اور ترقیاتی کاموں کی دیکھ بھال کیلئے بھی کنسلٹنٹ متعین کئے جائیں گے جو کاموں کی شفافیت کے ساتھ ساتھ ڈیزائن اور منصوبہ جات کی تکمیل میں پراجیکٹ کی مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹری نمبر 6کے تمام موگا جات پر کام زور شور سے شروع کر دیا ہے، انہوں نے چک بندی کے کام کی تکمیل میں مصروف محکمہ آبپاشی کے عملے کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر تحصیل ناظم کلاچی اکبر خان نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو یقین دلایا کہ پراجیکٹ کے تحت منصوبوں کی تکمیل میں علاقے کے لوگ بھر پور تعاون کریں گے،علاقے کی خوشحالی اور ترقی کیلئے تحصیل کلاچی کے عوام انتہائی پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :