جنگلات ماحول ،معیشت کیلئے انتہائی اہم ہیں،تحفظ ،ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں کو کردار ادا کرناہوگا،اقبال ظفرجھگڑا

سب کو آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے جنگلات کا تحفظ کرنا،حکومت کوجنگلات ،وائلڈلائف کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات اٹھانے ہونگے،گورنر خیبرپختونخوا

منگل 26 اپریل 2016 18:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2016ء) گورنرخیبرپختونخواانجنیئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ جنگلات کے تحفظ اورماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لئے معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ جنگلات ہمارے ماحول اور معیشت کیلئے انتہائی اہم ہیں۔یہ نہ صرف زمین کو کٹاؤسے بچاتے ہیں بلکہ گلوبل وارمنگ کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور اس ضمن میں ہم سب کو چاہئیے کہ جنگلات کا تحفظ کریں تاکہ اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنایاجاسکے۔

انہوں نے کہاکہ جنگلات کا تحفظ نہ صرف حکومتی ذمہ داری ہے بلکہ معاشرے ، غیر سرکاری رضا کار اداروں، کسانوں، طلباء اور عام لوگوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ شجرکاری کو فروغ دیں، جنگلات کی حفاظت کریں اور جنگلات کے وسائل میں اضافے کیلئے کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کوبھی جنگلات اوروائلڈلائف کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

وہ منگل کے روز پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور کے گولڈن جوبلی کنوکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ایم ایس سی اور بی ایس سی فارسٹری کے 387 گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ 16 گریجویٹس کوگولڈمیڈلزدیے گئے جبکہ 8 گریجویٹس نے سلورمیڈلز حاصل کئے۔ تقریب میں وزیراعلی کے معاون خصوصی اشتیاق ارمڑ، وائس چانسلر پشاوریونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹررسول جان، محکمہ جنگلات فاٹا اورخیبرپختونخوا کے حکام ،طلباء وطالبات،والدین اور دیگرافراد نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

گورنرنے فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے میں انتہائی اہم ادارہ ہے جو نہ صرف جدید علوم اور مہارت سے آراستہ ہے بلکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کوپیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کرتاہے۔انہوں نے اس امید کا اظہارکیاکہ وہ اپنے والدین اورقوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور نہ صرف اپنی بہتری کیلئے بلکہ پاکستان میں جنگلات ،وائلڈلائف اورموسمیات کے تحفظ کیلئے اپناکردار ادا کریں گے بلکہ ملکی تعمیروترقی کیلئے جذبے سے کام کریں گے۔

گورنرنے فارغ التحصیل ہونیوالے گریجویٹس کو تاکید کی کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت کو استعمال میں لاکر نہ صرف جنگلات کے تحفظ کیلئے بلکہ اراضی کے کٹاؤ کو روکنے ، ماحول کے تحفظ اور آب وہوا میں بہتری لانے کیلئے عملی طور پرکام کریں گے بلکہ ریسرچ پر بھی خصوصی توجہ دیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ حکیم شاہ نے ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ انسٹیٹیوٹ میں اب تک تقریباٌ ڈھائی ہزار گریجویٹس سے زائد ماہرین فارغ التحصیل ہوئے جن میں سے 100 سے زائد کا تعلق دوست ممالک سے ہیں جبکہ 200 کے قریب طالبات شامل ہیں۔

گورنرنے پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ اور اس کی انتظامیہ کی جنگلات اور وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ریسرچ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پروفیشنل اداروں میں جدید تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ ریسرچ میں بھی بہتری لائی جائے۔ گورنرنے کہاکہ جنگلات کے تحفظ سے نہ صرف زمینی کٹاؤ اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاجاسکتاہے بلکہ اس سے ہماری معیشت میں بھی بہتری آئیگی۔ انہوں نے اساتذہ ، طلباء اور سول سوسائٹی پرزوردیا کہ درختوں کوکاٹنے کے بجائے شجر کاری پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ہمارا آئندہ کامستقبل محفوظ بنایاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :