سندھ حکومت پرامن بقاء باہمی پر یقین رکھتی ہے ،کبھی انتقامی سیاست پر عمل نہیں کیا،وزیراعلیٰ سندھ

پیر 25 اپریل 2016 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے ان کی حکومت پرامن بقاء باہمی پر یقین رکھتی ہے اور انہوں نے کبھی بھی انتقامی سیاست پر عمل نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایم کیو ایم کے سات رکنی وفد سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ایم کیو ایم کے وفد کی سربراہی سید سردار احمد اور سندھ اسمبلی میں حزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن کر رہے تھے۔

دیگر شرکاء میں محمدحسین ، امین الحق،وسیم قریشی،جمال احمد اور علی رضا عابدی بھی شامل تھے۔ جبکہ اس موقعے پر سینئر صوبائی وزیر برائے تعلیم نثار احمد کھوڑو، سینئر صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ،وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی راشد حسین ربانی اور وقار مہدی بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے وفد نے کہا کہ انکے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ان میں سے اکثر کو گم کیا گیا ہے اور انہوں نے کہا کہ انکے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف حراساں کرنے کی پالیسی شروع کی گئی ہے اور حتیٰ کہ جیل میں بھی کارکنوں کو حراساں کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایم کیو ایم کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انکے تحفظات کو قانون کے مطابق دور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب سیاسی کارکن ہیں اور ہم دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی عزت کرتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی قیدی کو حراساں کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر میں بہت سی قربانیوں کے بعد امن قائم کرلیا ہے، اس پر ایم کیو ایم کے وفد نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :