Live Updates

قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک بھیجنے والے ملک کے غدار اور جمہوریت کے دشمن ہیں، ثمر علی خان

نواز شریف اور ان کے درباری جو مرضی کر لیں پاناما لیکس ان کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے ، رہنماء پاکستان تحریک انصاف

پیر 25 اپریل 2016 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے کہاہے کہ قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک بھیجنے والے ملک کے غدار اور جمہوریت کے دشمن ہیں۔ حکمرانوں سے آغاز کر کے سب کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہئے۔وزیر اعظم نے اپنے خاندان کی کرپشن چھپانے کے لئے ہر بار عوام سے جھوٹ بولا ہے ۔

کمیشن کے نام پر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اب شریف خاندان کو کڑے احتساب سے کوئی بھی نہیں بچا سکتا۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے بیسویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے حلقہ پی ایس 113ڈیفنس میں پارٹی کارکنان کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس چیئر مین عزیز سہروردی ، سی بی سی کے کونسلر محمد جمیل ،اسلم خالق، محمد احمد، ادیبہ عارف حسن ، تحریک انصاف کے رہنما افتخار فاروقی ، خاتون رہنما سادیہ آغااور دیگر بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ثمر علی خان نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے جلسے میں شریک عوام کے سمندر نے کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اگر قوم اب بھی نہ جاگی تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی بھی معاف نہیں کریں گی ۔اب وقت آگیا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کر لیا جائے ۔با شعور عوام شو باز حکمرانوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

ثمر علی خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ایک عوامی جلسے سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم سے لے کر پی ایم ایل این کے کونسلر تک سب کو عمران خان فوبیا ہو گیا ہے ۔عمران خان نے شریف برادران کی دم پر پیر رکھ دیا ہے۔ نواز شریف اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے جو عوام کی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے ۔نواز شریف اور ان کے درباری جو مرضی کر لیں پاناما لیکس ان کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات