پاک چائنا اقتصادی راہداری کے بارے میں تمام سیاسی جماعتوں کااہم اجلاس

پاک چائنا اقتصادی راہداری کے مسئلے کو اسمبلی کی سطح پر اُٹھا یا جائیگا ، وفاق روٹ بارے صوبے کیساتھ کئے گئے وعدے کو ایفا کرے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 25 اپریل 2016 22:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا پرویز خٹک نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے بارے میں صوبے کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے کو ایفا کرے انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت مرکزی روٹ کے خلاف نہیں لیکن مغربی روٹ پرمرکزی روٹ کی طرح تمام سہولیات کا مطالبہ ضرور کرتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پاک چائنا اقتصادی راہداری کے بارے میں مختلف پارٹیوں کے پارلیمانی لیڈروں کیلئے ایک بریفینگ کے دوران کیا بریفینگ کے شرکاء کو پاک چائنا اقتصادی راہداری کی صورتحال ، صوبائی حکومت کے موقف ، مرکز کے ساتھ مختلف مراسلات اور وفاقی حکومت کی اپنے وعدوں سے رو گردانی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر، صوبائی وزراء عنایت اﷲ، انیسہ زیب، شاہ فرمان، محمد عاطف ، شاہرام خان ترکئی، معاونین خصوصی مشتاق احمد غنی ، عبد الکریم اور عارف یوسف کے علاوہ اے این پی کے سردار حسین کے بابک، جمعیت علمائے اسلام ف کے محمود بیٹنی، پی ایم ایل (ق) کے انتخاب چمکنی اور پیپلز پارٹی کے محمد علی شاہ شامل تھے ۔

اجلاس میں پارلیمانی لیڈروں نے وفاقی حکومت کے مبہم رویے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا اور اس کو صوبے کے ساتھ کئے گئے وعدے سے انحراف قرار دیا شرکاء نے صوبائی حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ آواز اُٹھانے کا اعلان کیا اجلاس کو بتایاگیا کہ صوبہ دہشت گردی کے ہاتھوں بری طرح متاثر ہو چکا ہے اور اب بھی اس کی حالت قابل اطمینان نہیں جبکہ وفاقی حکومت کارویہ صوبے کے زخموں پر نمک پاشی کا کام دے رہا ہے اسی طرح صوبے میں بے پناہ وسائل موجود ہیں جس سے استفادہ کرنے کیلئے مواقع کی ضرورت ہے تاکہ صوبے کے عوام اس سے فائدہ اُٹھائیں۔

وفاقی حکومت کے موقف سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ صوبے کو حقوق دینے کے حق میں ہرگز نہیں وفاقی حکومت کے منفی رویے سے صوبے کے حقوق کیلئے ایک مشترکہ فورم تشکیل دینے کیلئے راستہ ہموار کیا ہے۔ شرکاء نے اقتصادی راہداری کے سلسلے میں صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے پارلیمانی لیڈروں کے مشترکہ موقف کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے مسئلے کو اسمبلی کی سطح پر اُٹھا یا جائے گا تاکہ اس کے لئے واضح حکمت عملی اختیار کی جا سکے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت کا موقف واضح ہے اور صوبے کے حق پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کے ساتھ مغربی روٹ پر تمام تر سہولیات مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا جس سے اب وہ مکر گئی ہے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت صوبے کے حقوق کیلئے کسی بھی حدتک بھی جا سکتی ہے انہوں نے کہاکہ صوبے کے حقوق کیلئے تمام سیاسی پارٹیاں یک زبان ہیں انہوں نے کہاکہ مشترکہ جدوجہد ہی صوبائی حقوق کا واحد راستہ ہے انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے قول وفعل میں تضاد کا خاتمہ کردے ۔