اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب احمد چیمہ کو پروفارما پروموشن دینے کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کردیا

پیر 25 اپریل 2016 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اپریل۔2016ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب احمد چیمہ کو پروفارما پروموشن دینے کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کردیا۔

(جاری ہے)

پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے وفاق کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل افنان کریم عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ پر فیصلہ پہلے سے ہی محفوظ ہے اور ایک ماہ کے اندر اندر کسی بھی افسرکی ترقی اور تبادلہ نہیں کر سکتے۔

آفتاب چیمہ کی جانب سے دائر درخواست قابل سماعت نہیں ہے میری عدالت سے استدعا ہے کہ معزز عدالت آفتاب چیمہ کو 15 دن کے اندر پرفارمہ ترقی کے حکم پر نظر ثانی کرے۔ جس پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد فریق آفتاب چیمہ کو نوٹس جاری کردیئے اور عدالت نے آفتاب چیمہ کو 15دنوں میں پرفارمہ ترقی کا سنگل بینچ کا فیصلہ بھی معطل کر تے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی ۔