چنیوٹ ، محکمہ آثار قدیمہ کی غفلت، نامعلوم چور گینگ لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی نوادرات چوری کرکے لے گئے

پیر 25 اپریل 2016 20:37

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اپریل۔2016ء) محکمہ آثار قدیمہ کی غفلت چنیوٹ میں نامعلوم چور گینگ لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی نوادرات چوری کرکے لے گئے پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے نواحی قدیمی و تاریخی علاقہ پکی ماڑی وادی سے نامعلوم چور زمین کھود کرقیمتی نوادرات اور لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے سکے چوری کرکے ساتھ لے گئے، ملزمان کی تعداد پانچ سے چھ بتائی جاتی ہے جوکہ کار میں سوار ہوکر آئے تھے ملزمان کے پاس الیکٹرونک جدید آلات بھی تھے جن کے ذریعے انہوں نے زمین میں چھپے ہوئے خزانے کی نشاندہی کی جس کے بعد انہوں نے رینٹ پرلائے ہوئے ٹریکٹر کے ذریعے زمین کو کھودنا شروع کردیا ،علاقہ مکینوں نے شک گزرنے پر ملزمان سے پوچھ گچھ شروع کی توملزمان کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر مقامی افراد نے شور مچارکر باقی آبادی کو اکٹھا کرنا شروع کیا اس دوران ملزمان موقع پاکر فرار ہوگئے،ایس ایچ او تھانہ رجوعہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے مقامی افراد نے اس موقع پر زمین پر گرے ہوئے سونے کے سکے بھی پولیس کو دیے جب کہ مقامی افراد نے میڈیا کے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا علاقہ پکی ماڑی ایک قدیمی علاقہ ہے یہاں پر زمین میں قیمتی نوادرات چھپے ہوئے ہیں کئی مرتبہ یہاں پر لوگ کھودائی کے بہانے آتے ہیں جن کا سرکاری اداروں سے کوئی تعلق نہیں ہوتاہمارا مطالبہ ہے کہ محکمہ آثار قدیمہ فوری طور پر اس علاقہ کا سروے کرے اور جہاں زمین کے اندرنوادرات چھپے ہوئے ہیں ان کو اپنی تحویل میں لے،جب کہ تفتیشی افسر احمد یار کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد ہی گرفتارکرلیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :