ٹیوٹا نے استاد شاگردپروگرام کے تحت 19ہزار غیر مستند افرادکو سرٹیفکیٹ جاری کر دئیے

پیر 25 اپریل 2016 14:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اپریل۔2016ء) استاد شاگردپروگرام کے تحت ٹیوٹا30جون 2016تک 28ہزار غیر مستند ہنر مند افراد کو مفت سرٹیفکیٹ فراہم کرے گی، ٹیوٹا نے استاد شاگردپروگرام کے تحت 15اپریل2016تک 19ہزار غیر مستند افرادکو سرٹیفکیٹ جاری کر دئیے ہیں، پریکٹیکل امتحان کی بنیاد پر اس پروگرام کو صوبہ بھر میں بھرپور پذیرائی ملی ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے استاد شاگرد نظام کے تحت شارٹ کورسز کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ،ٹیوٹا افسران عمر فاروق، اظہر اقبال شاد، مقصود احمد ،عظمی نادیہ، امبر چٹھہ، سرفراز انور اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا ہر شعبہ کے افراد کو ہنر مند بنانے کیلئے جدیدکورسز متعارف کروا رہی ہے۔

(جاری ہے)

استاد شاگرد نظام کے پہلے مرحلے کی شاندار کامیابی کے بعد اس پروگرام کو صوبہ بھر میں شروع کر دیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں15ٹریڈز میں غیر مستند افرادی قوت کی رجسٹریشن کی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 2نئے ٹریڈز بھی شامل کئے جا چکے ہیں۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت غیر مستند افرادی قوت کومتعلقہ ٹریڈ میں تھیوری اور پریکٹیکل ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے۔

اس پروگرام کوملکی و بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ہرغیر مستند ہنر مندافراد متعلقہ ٹریڈ میں رجسٹریشن حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت غیر مستند افرادنے ٹیوٹا اداروں سے تربیت حاصل نہیں کی انکومفت رجسٹریشن کے ذریعے سرکاری سرٹیفکیٹ فراہم کیا جاتاہے۔ٹیوٹا کاسرٹیفکیٹ ملنے پران افراد کو مقامی و بین الاقوامی سطح پر مصدقہ ہنر مند افرادی قوت کے طور پر قبول کیا جائے گا ۔