پاکستانی سرحد کے قریب صحرائے تھر میں بھارتی فوج کی جاری مشقوں کے دوران 2اہلکار ہلاک

اتوار 24 اپریل 2016 20:33

پاکستانی سرحد کے قریب صحرائے تھر میں بھارتی فوج کی جاری مشقوں کے دوران ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) بھارتی فوج کی پاکستانی سرحد کے قریب صحرائے تھر میں ”شتروجیت“ کے نام سے جاری مشقوں کے دوران 2 اہلکار ہلاک ہوگئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق فوجی مشقیں شتروجیت کے نام سے تھر کے صحرا میں جا رہی ہیں اس دوران بھارتی فوج کے 2اہلکار ہلاک ہوگئے ۔فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک فوجی سانپ کے کاٹنے سے ہلاک ہوا جبکہ دوسرا گاڑی سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

صحرائے تھر میں ”شتروجیت“ کے نام سے جاری مشقوں میں فوجیوں کو نیوکلیئر، بائیولوجیکل اور کیمیکل جنگی ماحول میں لڑنے کی تربیت دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق یہ مشقیں متھورا 1کور کی سربراہی میں کی جارہی ہیں جو بھارت کی 11لاکھ فوج کی تین بنیادی کورز میں سے ایک ہے۔ متھورا1کور کی سربراہی میں کئی دیگر کورز بھی ان مشقوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مشقوں میں فوجیوں کو بھاری آرٹلری اور فضائی معاونت کے ساتھ لڑنے کے لیے تیار کیا جائے گا اور ساتھ ہی جنگی طیاروں کے ذریعے فوجیوں کو پاکستان کی سرزمین پر موجود پاکستانی فوجیوں کے عقب میں اتارنے کی مشق بھی کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق اس طرح 2ہزار سے 3ہزار فوجیوں کو دشمن کی صفوں کے پیچھے اتارا جائے گا تاکہ پیچھے سے وار کر سکیں اور دشمن کو پسپا کر سکیں۔واضح رہے کہ بھارت ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان میں گھس کر حملہ کرنے کی دھمکیاں دیتا آ رہا ہے، مگر آج تک وہ اس کی جرت نہیں کرسکا۔

متعلقہ عنوان :