جماعت اسلامی نے ملک میں جاری کرپشن کے خلاف یکم مئی سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا، 68 سالوں سے جمہوریت اور احتساب کے نام پر دھوکا دیا جا رہا ہے‘ وہی چور اور لیٹرے پارٹی کا جھنڈا تبدیل کرکے دوسری پارٹیوں میں چلے جاتے ہیں‘ انگریزوں کے وفاداروں نے ملک، سیاست، کارخانوں اور جمہوریت پر قبضہ کیا ہے اسی منافق ٹولے کی وجہ سے مشرقی بنگلا دیش بن گیا،سینیٹر سراج الحق کا مال روڈلاہور پر کرپشن مکاؤ تحر یک کے سلسلے میں احتجاجی دھرنے سے خطاب

اتوار 24 اپریل 2016 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے ملک میں جاری کرپشن کے خلاف یکم مئی سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 68 سالوں سے جمہوریت اور احتساب کے نام پر دھوکا دیا جا رہا ہے‘ وہی چور اور لیٹرے پارٹی کا جھنڈا تبدیل کرکے دوسری پارٹیوں میں چلے جاتے ہیں‘ انگریزوں کے وفاداروں نے ملک، سیاست، کارخانوں اور جمہوریت پر قبضہ کیا ہے اسی منافق ٹولے کی وجہ سے مشرقی بنگلا دیش بن گیا۔

وہ اتوار کے روز مال روڈلاہور میں کرپشن مکاؤ تحر یک کے سلسلے میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سمیت جماعت اسلامی کے مر کزی اور صوبائی قائدین اور ہزاروں کارکنان شریک ہوئے جماعت اسلامی کے امیرسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ نظام اور جمہوریت میں غریب کے لیے کچھ نہیں، یہ سرمایہ داروں کا کھیل ہے۔

(جاری ہے)

ملک کا عدالتی اور انتخابی نظام بھی خراب ہے۔ اگر پاکستان میں آج سلطانہ ڈاکو بھی ہوتا تو وہ آج قومی اسمبلی کے ممبر اور سینیٹر ہوتا۔ جس سپریم کورٹ کا دروازہ سونے کی چابی سے کھلتا ہے، میں اس نظام کی اصلاح چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے زندگی کا آخری لمحہ قربان کرنے کے لیے تیار ہوں۔ مالیاتی کرپشن کی طرح انتخابی کرپشن کیخلاف عوامی رائے کو منظم کریں گے‘پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے من پسند کمیشن کی بات کی جو قطعی منظور نہیں ہے۔

اپوزیشن لیڈر کو کہا تھا کہ مل کر ٹی او آر دیں گے لیکن حکومت نے من پسند ٹی او آر دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان تحریک میڈیا پر نظر نہیں آئیگی۔ میری تحریک جھونپڑیوں اور غریبوں کے دلوں میں ہے۔