علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی سے پشاور میں چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام

کوہاٹ گلشن آباد پولیس چیک پوسٹ پر منشیات سے بھرا آئل ٹینکر پکڑ اگیا، ایک سمگلر گرفتار

اتوار 24 اپریل 2016 18:07

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء ) کوہاٹ گلشن آباد پولیس چیک پوسٹ پر پولیس نے منشیات سے بھرا آئل ٹینکر پکڑ کر ایک سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔دس من سے زیادہ مقدار کی چرس علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی سے صوبائی دارالحکومت پشاور سمگل کی جارہی تھی۔پولیس پارٹی نے منشیات سمگلنگ کیلئے راہنمائی کرنے والی پائلٹ موٹر کار بھی قبضے میں لے لی ہے تاہم کار سوار ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔

منشیات سمگلر چاہے جتنے بھی ہوشیاری سے مکروہ دھندہ انجام دینے کی کوشش کرے قانون کی گرفت سے ہر گز بچ کر نہیں جاسکیں گے۔یہ بات قائم مقام ڈی پی او کوہاٹ ثناء اللہ خان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید خان اور ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل جابر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ایس پی ثناء اللہ خان نے کہا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوہاٹ ریجن اختر حیات خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کوہاٹ بھر میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے اور انہیں کاروائیوں کے سلسلے میں ایک اطلاع کے تحت ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید خان نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کوہاٹ تا پشاور بائی پاس روڈ پرگلشن آباد پولیس چیک پوسٹ کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ کے راستے پشاور جانے والی ایک آئل ٹینکر نمبر ژوب بلوچستان ایل ڈبلیو سی 316کو رکنے کا اشارہ کیاگیا تو روکنے کی بجائے ڈرائیور نے رفتار بڑھاتے ہوئے گاڑی بھگانے کی کوشش کی جسے پولیس پارٹی نے تعاقب کے دوران تحویل میں لے لیا۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ منشیات سے بھری گاڑی کو مقام تک پہنچانے کیلئے آگے جانے والی موٹر کارIDN.7516میں سوار ملزمان کا پیچھا کیا گیااور پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کی خاطر ہوائی فائرنگ کی تاہم کار سوار ملزمان کے ڈی اے کے گنجان آباد علاقے میں گاڑی چھوڑ کر قریبی آبادی کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ایس پی ثناء اللہ خان نے کہا کہ پویس نے پکڑی گئی آئل ٹینکر اورموٹر کار تھانہ جنگل خیل منتقل کردی جہاں آئل ٹینکر کے خفیہ خانو ں کو کاٹ کر تلاشی کے دوران مجموعی طور پر 437.500کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ چرس بھری آئل ٹینکر سمیت گرفتار ڈرائیور اکبر خان ولد شاہ عالم سکنہ مینا خیل لکی مروت کے خلاف بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس نے ابتدائی پوچھ گچھ میں انکشاف کیا ہے کہ پکڑی گئی چرس میں موٹر کار سے فرار ہونے والے منشیات کے بین الصوبائی سمگلر ساتھیوں حاجی گلاب سکنہ پشتخرہ پشاور اور گل زلی ساکن لکی مروت کی مشترکہ حصہ داری ہے جبکہ وہ خود معاوضہ لیکر چرس علاقہ غیر سے بندوبستی علاقوں کو سمگل کرنے کا درپے ہے۔

ڈی پی او نے کہا کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتار کیلئے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں جنہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے جس سے دوران تفتیش اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔پریس کانفرنس کے دوران گرفتار ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے ڈی پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سماج دشمن عناصر کو بھر پور قوت سے کچھلنے کیلئے کاروائیاں جاری رہیں گی اور منشیات سمگلر جتنے بھی مہارت سے مکروہ دھندے کو انجام دینے کی کوشش کرینگے انکے ناپاک عزائم کو عوام کے تعاون سے ناکام بنا دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :